ضلع کے ہاٹ پیپلیا تھانہ علاقہ میں خاندانی تنازعہ کے سبب ایک شخص نے اپنی ہی بیوی کو کلہاڑی سے حملہ کر کے قتل کر دیا۔ یہ سارا واقعہ جمعرات کی علی الصبح پیش آیا، اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، ملزم شوہر کو گرفتار کرکے آگے کی کارروائی شروع کردی ہے۔
معلومات کے مطابق یہ واقعہ کرناواد سے متصل ہیرا پور میں پیش آیا۔ یہاں رہنے والے سکھرام بھیل کا بدھ کی دیر رات اپنی بیوی سونا بھیل (30 سال) کے ساتھ کسی بات پر جھگڑا ہوگیا۔ معاملہ اس قدر بگڑ گیا کہ غصے میں آکر ملزم شوہر سکھرام نے بیوی پر کلہاڑی سے حملہ کر دیا۔ سر پر شدید چوٹ لگنے کی وجہ سے سونا کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ جمعرات کی صبح یہ واقعہ سامنے آنے کے بعد لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی کرناواد پولس اسسٹنٹ سنٹر اور ہاٹ پیپلیا کی پولیس موقع پر پہنچی اور معاملے کی جانچ شروع کردی۔ باگلی ایس ڈی او پی سریشٹی بھارگو موقع پر پہنچیں۔ انہوں نے جائزہ لیا اور آس پاس کے لوگوں سے بات کی۔ ملزم شوہر کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق واردات کے وقت جوڑے کے بچے قریبی کمرے میں سو رہے تھے اور انہیں کچھ پتہ نہیں چلا۔ ملزم شوہر سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے، اس کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بیوی کو جان سے نہیں مارنا چاہتا تھا۔
