گڑھ چرولی سے ناگپور پہنچنے والی بس میں زندہ بم برآمد، بعد میں اسے ناکارہ کیا گیا
ناگپور، 7 فروری (ہ س)۔ بدھ کی دوپہر ناگپور کے گنیش پیٹھ علاقے میں اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے سینٹرل بس اسٹینڈ سے ایک زندہ بم برآمد ہوا ہے۔ یہ بم گڑھ چرولی سے آنے والی بس میں رکھا گیا تھا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے بم کو کامیابی سے ناکارہ بنانے کے بعد بڑا واقعہ ٹل گیا۔
گنیش پیٹھ پولیس اسٹیشن کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ یہ بم بس (ایم ایچ 40 وائی 5097) میں نصب کیا گیا تھا جو گڑھ چرولی سے ناگپور پہنچی تھی۔ ناگپور پہنچنے کے بعد تقریباً تمام مسافر بس سے اتر گئے۔ اس کے بعد کنڈیکٹر نے بس میں بم نما مشکوک چیز دیکھی۔ بس کنڈکٹر نے فوری طور پر اعلیٰ حکام کو اطلاع دی۔
اس کے فوراً بعد مقامی پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو اطلاع دی گئی۔ تھانے کی ٹیم اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گیا۔ گڑھ چرولی سے ناگپور پہنچنے والی اس بس کو ایک کھلی جگہ پر لے جایا گیا۔ جس کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بم کو کامیابی سے ناکارہ بنا دیا۔
