فرید آباد، 4 ستمبر (ہ س)۔ سائبر تھانہ سنٹرل پولیس نے ایپ کے ذریعے کرائے پر گاڑی دینے کے نام پر لوگوں سے لاکھوں روپے کا دھوکہ دینے والے دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق سیکٹر 78 میں رہنے والے ایک شخص نے سائبر تھانہ سنٹرل میں درج کرائی گئی اپنی شکایت میں الزام لگایا کہ اس نے ’زوم کار‘ ایپ کے ذریعے ایم جی ہیکٹر کار بک کروائی تھی۔ اس کے بعد اسے ایپ سے کال آئی، جس کے بعد اس نے ایک ماہ کے لیے ایک لاکھ 20 ہزار روپے میں فارچیونر کار بک کروائی، جس کے لیے دس ہزار روپے بطور سیکیورٹی مانگے گئے۔ جس کے بعد شکایت کنندہ نے مجموعی طور پر ایک لاکھ 30 ہزار روپے ایڈوانس بھیجے۔ بعد میں اسے نہ تو گاڑی کرائے پر ملی اور نہ ہی پیسے واپس ملے۔ اس سلسلے میں سائبر تھانہ سنٹرل میں فراڈ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ سائبر تھانہ سنٹرل کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ضلع بھوپال مدھیہ پردیش کے رہنے والے یش سلوجا (27) اور ضلع چھندواڑہ مدھیہ پردیش کے رہنے والے مینک ٹھاکر (24) کو گرفتار کرلیا۔ پوچھ گچھ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ دھوکہ دہی والے اکاؤنٹ میں استعمال کیا گیا سم کارڈ یش سلوجا کا تھا اور مینک اے ٹی ایم سے دھوکہ دہی کی رقم نکال کر یش کو دیتا تھا۔ یہ ایپ یش سلوجا نے بنائی تھی۔ یش 12 ویں پاس ہے اور مینک 11 ویں پاس ہے۔ دونوں ملزمان کو جمعرات کو عدالت میں پیش کر کے پانچ روزہ پولیس ریمانڈ پر لیا گیا۔
—————
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی
