بھدوہی، 04 نومبر (ہ س)۔
مافیا اور سماج وادی پارٹی کے سابق ایم ایل اے وجے مشرا کو وارانسی کی ایک گلوکارہ کے ساتھ عصمت دری کے معاملے میں ہفتہ کو بھدوہی کی ایم پی/ایم ایل اے عدالت نے 15 برس قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے مشرا پر ایک لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ یہ تیسرا معاملہ ہے جس میں مشرا کو سزا سنائی گئی ہے۔
وارانسی کی ایک گلوکار نے بھدوہی ضلع کے گیان پور اسمبلی حلقہ کے سابق ایم ایل اے وجے مشرا، ان کے بیٹے وشنو مشرا اور پوتے وکاس مشرا پر گینگ ریپ کا الزام لگایا تھا۔ اس معاملے میں وجے مشرا کے خلاف گوپی گنج تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس معاملے میں دو دیگر ملزمان – وجے مشرا کے بیٹے وشنو مشرا اور پوتے وکاس مشرا کو جمعہ کو عدالت نے بری کر دیا تھا۔ ہفتہ کو ایم پی ایم ایل اے کورٹ کے جج سبودھ سنگھ نے ملزم وجے مشرا کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد 15 برس کی سخت قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید تین برس قید بھگتنا ہو گی۔
ہندوستھان سماچار/
/عطاءاللہ
