اجین، 25 اکتوبر (ہ س)۔
شہر کے بھیرو گڑھ تھانہ علاقے کے انہیل روڈ پر بدھ کو ایک تیز رفتار کار نے دو مختلف بائک کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں دونوں موٹر سائیکلوں پر سوار 4 افراد کی موت ہو گئی۔ حادثے کے بعد کار سڑک سے اتر کر الٹ گئی اور اس کا ڈرائیور زخمی ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال پہنچایا اور معاملے کی تفتیش شروع کردی۔
بھیرو گڑھ پولیس اسٹیشن کے مطابق، یہ حادثہ بدھ کی دوپہر تقریباً 2.30 بجے اجین جاورا اسٹیٹ ہائی وے پر واقع ٹول ناکے سے تقریباً دو کلومیٹر دور چکراودا کے گوئیلا گاوں کے قریب پیش آیا۔ یہاں ایک تیز رفتار کار نے دو بائک کو ٹکر مار دی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ دونوں موٹر سائیکلیں ہوا میں اڑ گئیں۔ ایک موٹر سائیکل درخت سے ٹکرا گئی جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی۔ دونوں موٹر سائیکلوں پر دو-دو لوگ سوار تھے۔ اس حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار چاروں افراد کی موت ہو گئی۔ مرنے والوں میں دو خواتین اور ایک مرد شامل ہیں۔
بھیرو گڑھ تھانہ انچارج جگدیش گوئل نے بتایا کہ ونود ولد رگھوناتھ ساکن گاؤں لیکوڈا انجانا انہیل شراب کے نشے میں اپنی کار میں بھیرو گڑھ سے انہیل جا رہا تھا۔ اس دوران سامنے سے آرہی دو موٹر سائیکلوں کو ٹکر مار دی۔ اس کے بعد کار الٹ کر کھیت میں گر گئی۔ حادثے میں منشی ولد منیر خان ساکن میکڑون اور اس کی بیوی زبیدہ کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ دوسری بائک پر سوار جسونت ولد اوم لکھیرا اور اس کی بیوی نرملا ساکن گائوں کنڈلا کی بھی موت ہو گئی۔ حادثے میں جسونت کی موٹر سائیکل جل کر راکھ ہو گئی، جبکہ کار ڈرائیور ونود شدید زخمی ہے۔ اسے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس نے معاملہ درج کرلیا ہے اور فی الحال معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔
ہندوستھان سماچار/
/عطاءاللہ
