پٹنہ، 11 جنوری(ہ س)۔
بہار میں سڑک حادثات کے واقعات میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ٹرانسپورٹ قوانین کو نظر انداز کرنے کا نتیجہ ہے کہ ہر روز کوئی نہ کوئی سڑک حادثہ میں مر رہا ہے۔ تازہ معاملہ بہار کے ویشالی ضلع سے سامنے آیا ہے۔ جہاں حاجی پور میں تیز رفتار کار نے پانچ لوگوں کو کچل دیا۔
موصولہ اطلاع کے مطابق ویشالی ضلع کے حاجی پور میں واقع مہنار مین روڈ پر ایک بے قابو اسکارپیو گمتی سے ٹکرا گئی۔ جہاں گمتی کے قریب موجود پانچ افراد کار کی زد میں آگئے۔ اس حادثے میں زخمی تمام لوگوں کو بڈو پور کے پرائمری صحت مرکز میں داخل کرایا گیا ہے۔ جہاں چار کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
واقعے کے بعد موقع پر موجود مقامی لوگ مشتعل ہوگئے۔ انہوں نے گاڑی کو آگ کے حوالے کر دیا۔ ساتھ ہی سڑک جام کرکے مظاہرہ کرنے لگے۔ بتایا جا رہا ہے کہ حادثے کے بعد اسکارپیو ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جس کے بعد لوگوں نے اسکارپیو کو آگ کے حوالے کر دیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی بڈو پور تھانہ کی پولیس ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچی۔ حالانکہ پولیس کے پہنچنے تک کار جل کر راکھ ہو چکی تھی۔ واقعے کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
واضح ہو کہ گمٹی میں پان کی دکان تھی۔ جہاں لوگ صبح جمع ہو کر باتیں کر رہے تھے۔ تبھی بے قابو اسکارپیو نے انہیں ٹکر مار دی۔ تمام زخمی بڈو پور تھانہ علاقہ کے چیچر کے رہنے والے ہیں۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر معاملے کی تفتیش شروع کر دی۔
ہندوستھان سماچار/ افضل
/عطاءاللہ
