مالی سال 2026 27- میں جی ڈی پی کی شرح نمو 7 فیصد تک پہنچنے کا تخمینہ ہے
نئی دہلی، 05 دسمبر (ہ س )۔
عالمی درجہ بندی ایجنسی ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز نے کہا کہ ہندوستان سال 2030 تک دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بن جائے گا۔ ریٹنگ ایجنسی نے مالی سال 2026-27 میں ملک کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 7 فیصد تک پہنچنے کا اندازہ بھی لگایا ہے۔
ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز نے منگل کو جاری کردہ اپنی تازہ ترین پیشن گوئی میں کہا ہے کہ ہندوستانی معیشت کی شرح نمو موجودہ مالی سال 2023-24 میں 6.4 فیصد رہے گی اور اگلے مالی سال 2024-25 میں 6.9 فیصد تک پہنچ جائے گی۔ ایجنسی نے کہا کہ مالی سال 2026-27 میں یہ سات فیصد تک پہنچ جائے گا۔
اس سے قبل ایس اینڈ پی نے اپنے ‘گلوبل کریڈٹ آو¿ٹ لک 2024’ میں 31 مارچ 2024 کو ختم ہونے والے موجودہ مالی سال 2023-24 میں جی ڈی پی کی شرح نمو 6.4 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا تھا، جب کہ گزشتہ مالی سال 2022-23 میں یہ 7.2 فیصد تھا۔
ریٹنگ ایجنسی نے کہا کہ ہم مالی سال 2026-27 میں ہندوستان کی اقتصادی ترقی کی شرح سات فیصد تک پہنچتے دیکھ رہے ہیں۔ ایس اینڈ پی نے کہا کہ ہندوستان 2030 تک تیسری سب سے بڑی معیشت بننے والا ہے۔ ایجنسی نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ یہ اگلے تین سالوں میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت ہوگی۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اس وقت امریکہ، چین، جرمنی اور جاپان کے بعد دنیا کی پانچویں بڑی معیشت ہے۔
ہندوستھان سماچار
