شروعاتی کاروبار میں شیئر بازار میں بڑی گراوٹ
۔ سینسیکس 64,000 اور نفٹی 19,000 پوائنٹ سے نیچے پہنچے
نئی دہلی، 26 اکتوبر (ہ س)۔ گھریلو حصص بازار میں آج مسلسل چھٹے کاروباری دن دباو کی صورت حال ہے۔ آج کے کاروبار کی شروعات گراوٹ کے ساتھ ہوئی۔ شروعاتی کاروبار کے دوران فروخت کے بڑھتے ہوئے دباؤ کی وجہ سے سینسیکس اور نفٹی دونوں انڈیکس بھی گرتے رہے۔ اس دباؤ کی وجہ سے سینسیکس 64 ہزار پوائنٹس کی سطح سے نیچے اور نفٹی 19 ہزار پوائنٹس کی سطح سے نیچے چلے گئے۔ ٹریڈنگ کے پہلے گھنٹے کے بعد، سینسیکس 1.02 فیصد اور نفٹی 1.09 فیصد کی کمزوری کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔
شروعاتی ایک گھنٹے کا کاروبار ہونے کے بعد حصص بازار کے بڑے شیئروں میں ایکسس بینک، ایچ سی ایل ٹیکنالوجی اور آئی ٹی سی کے حصص 0.87 فیصد سے لیکر 0.31 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔ دوسری طرف ٹیک مہندرا، بجاج فنسر، مہندرا اینڈ مہندرا، اڈانی انٹرپرائزز اور بجاج فائنانس کے حصص 2.58 فیصد سے لیکر 2.04 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ کاروبار کرتے نظر آرہے تھے۔
ابھی تک کے کاروبارمیں حصص بازار میں 2,024 شیئروں میں ایکٹو ٹریڈنگ ہورہی تھی۔ ان میں سے 156 حصص منافع کما کر سبز نشان میں کاروبار کر رہے تھے جبکہ 1,868 حصص خسارے کے ساتھ سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 شیئرس میں سے 3 شیئر خریداری کی حمایت کے ساتھ سبز نشان میں بنے ہوئے تھے۔ دوسری جانب فروخت کے دباؤ کے باعث 27 شیئر سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے جبکہ نفٹی میں شامل حصص میں سے 3 شیئر سبز نشان میں اور 47 حصص سرخ نشان میں تجارت کرتے ہوئے نظر آرہے تھے۔
بی ایس ای میں آج کے کاروبار کی شروعات بھاری دباو کے ساتھ ہوئی۔ اس دباو کی وجہ سے 28 جون کے بعد پہلی بار آج سینسیکس 64 ہزار پوائنٹس کی سطح سے نیچے گر کر کھلا۔ اس انڈیکس میں 247.90 پوائنٹس کی کمی ہوئی اور اس نے آج کا کاروبار 63,774.15 پوائنٹس کی سطح پر شروع کیا۔ بازار کھلتے ہی فروخت کا دباؤ تھا جس کی وجہ سے یہ انڈیکس لگاتار گرتا رہا۔ تاہم خریداروں نے بھی کئی بار خریداری کا دباؤ پیدا کرنے کی کوشش کی۔ اس کے باوجود اس انڈیکس کی پوزیشن میں کوئی بہتری نہیں آئی۔ بازار میں مسلسل خرید و فروخت کے درمیان کاروبار کے پہلے گھنٹے کے بعد صبح 10:15 بجے سینسیکس 656.06 پوائنٹس کی کمزوری کے ساتھ 63,393 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
سینسیکس کی طرح این ایس ای کا نفٹی بھی آج 94.90 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 19,027.25 پوائنٹس کی سطح پر کھلا۔ کاروبار شروع ہوتے ہی فروخت کے دباؤ کی وجہ سے یہ انڈیکس بھی تیزی سے گر گیا۔ اس گراوٹ کی وجہ سے نفٹی 28 جون کے بعد پہلی بار 19 ہزار پوائنٹس کی سطح سے نیچے گر گیا۔ اس عرصے کے دوران، خریداروں کی جانب سے بازار کو کنٹرول کرنے کی کوششوں میں سے کوئی بھی قدم کاروبار کے پہلے گھنٹے میں کامیاب ہوتا نظر نہیں آیا۔ بازار میں لگاتار خرید و فروخت کے درمیان پہلے ایک گھنٹے کی تجارت کے بعد صبح 10:15 بجے نفٹی 207.75 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 18,914.40 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
