نئی دہلی ، 09 دسمبر (ہ س)۔
سونے میں سرمایہ کاری کا سنہری موقع ہے۔ مرکزی حکومت ساورین گولڈ بانڈ (ایس جی بی) اسکیم کی ایک قسط دسمبر میں جاری کرے گی ، جبکہ دوسری قسط فروری میں جاری کی جائے گی۔وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں ساورین گولڈ بانڈ اسکیم 2023-24 کی تیسری اور چوتھی قسط دسمبر اور فروری میں جاری کی جائے گی۔ وزارت کے مطابق آپ 18 دسمبر سے 22 دسمبر کے درمیان تیسری قسط میں سرمایہ کاری کر سکیں گے۔ جبکہ چوتھی قسط 12 فروری سے 16 فروری 2024 کے درمیان سرمایہ کاری کے لیے کھلی رہے گی۔وزارت نے فی الحال ایس جی بی کی تیسری اور چوتھی قسط کے اجراءکی تاریخ کا اعلان کیا ہے۔ اسکیم کی تیسری قسط کے اجراءکی قیمت سونے کی اوسط قیمت کے مطابق بعد میں طے کی جائے گی۔ سوورین گولڈ بانڈ اسکیم 2023-24 کی پہلی قسط 19-23 جون اور دوسری قسط 11-15 ستمبر کے درمیان کھولی گئی۔
اس سکیم کے تحت کم از کم سرمایہ کاری ایک گرام سونے میں کی جا سکتی ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ حد چار کلو گرام تک ہے۔ ساتھ ہی ، ٹرسٹ اور ادارے ایک سال میں 20 کلو سونا خرید سکتے ہیں۔ بانڈز بینکوں ، اسٹاک ہولڈنگ کارپوریشن آف انڈیا لمیٹڈ ، نامزد پوسٹ آفس اور اسٹاک ایکسچینج بمبئی اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کے ذریعے فروخت کیے جائیں گے۔اگر آپ آن لائن میڈیم کے ذریعے سوورین گولڈ بانڈ اسکیم میں سرمایہ کاری کرتے ہیں ، تو آپ کو ایشو پرائس میں 50 روپے فی گرام کی اضافی رعایت ملے گی۔ اس اسکیم کے تحت، آپ کل آٹھ سال تک سونے میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں ، لیکن آپ کے پاس پانچ سال کے بعد باہر نکلنے کا اختیار بھی ہے۔
یہ قابل ذکر ہے کہ سوورین گولڈ بانڈ روایتی سونے کی مانگ اور گھریلو بچت کے ایک حصے کے طور پر شروع کیا گیا تھا۔ ایس جی بی کی فروخت پہلی بار نومبر 2015 میں شروع کی گئی تھی۔ ایس جی بی میں سرمایہ کاری کرنے سے آپ کو سالانہ 2.50 فیصد شرح سود کا فائدہ بھی ملتا ہے۔ یہ شرح سود ششماہی کی بنیاد پر ادا کی جاتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
