ممبئی، 28 اکتوبر (ہ س)۔ ایک نامعلوم شخص نے مشہور صنعت کار مکیش امبانی کو ایک ای میل بھیجی ہے جس میں دھمکی دی گئی ہے کہ اگر وہ 20 کروڑ روپے رنگداری نہیں دیتے تو انہیں جان سے مار ڈالا جائے گا۔ امبانی کے سیکورٹی چیف نے گاوندیوی پولیس اسٹیشن میں اس ای میل کے بارے میں شکایت درج کرائی ہے۔ اس دھمکی کی اطلاع ملتے ہی ممبئی پولیس الرٹ ہوگئی اور امبانی کی رہائش گاہ کے ارد گرد سیکورٹی بڑھا دی گئی۔ فی الحال کیس کی تفتیش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق جمعہ کو مکیش امبانی کی ای میل پر بھتہ خوری اور دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی تھی۔ امبانی کو موصول ہونے والی ای میل میں کہا گیا کہ ’’اگر آپ ہمیں 20 کروڑ روپے نہیں دیں گے تو ہم آپ کو مار ڈالیں گے، ہمارے پاس ہندوستان میں بہترین شوٹر موجود ہیں۔‘‘ اس ای میل کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ خبر لکھے جانے تک ای میل بھیجنے والے کی شناخت نہیں ہو سکی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال پولیس نے مکیش امبانی کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے معاملے میں ملزم راکیش کمار مشرا کو بہار کے دربھنگہ سے گرفتار کیا تھا۔ تحقیقات میں پتہ چلا کہ اس نے غربت سے تنگ آکر مکیش امبانی کو دھمکی دی تھی۔ اسی طرح فروری 2021 میں مکیش امبانی کی رہائش گاہ اینٹیلیا کے باہر سے ایک اسکارپیو کار ملی تھی جس میں 20 دھماکہ خیز جیلیٹن اسٹکس اور ایک دھمکی آمیز خط تھا۔ خط میں لکھا تھا، یہ صرف ایک ٹریلر ہے۔ اس معاملے میں ممبئی پولیس کے کئی افسران کو گرفتار کیا گیا تھا، جنہیں بعد میں معطل کر دیا گیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
