ممبئی ، 08 دسمبر (ہ س)۔
ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے رواں مالی سال 2023-24 کے لیے ملک کی اقتصادی ترقی کے تخمینے کو بڑھا کر 7 فیصد کر دیا ہے۔ ریزرو بینک نے مضبوط گھریلو مانگ اور مینوفیکچرنگ سیکٹر میں صلاحیت کے استعمال میں اضافہ کے درمیان شرح نمو کے تخمینہ میں اضافہ کیا ہے۔
آر بی آئی کے گورنر شکتی کانت داس نے جمعہ کو یہاں منعقد ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) نے متفقہ طور پر ریپو ریٹ کو 6.50 فیصد پر برقرار رکھا ہے۔ مالیاتی جائزہ اجلاس کے نتائج کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال 2023-24 میں اقتصادی ترقی کی شرح سات فیصد رہے گی۔ جی ڈی پی کی شرح نمو دسمبر کی سہ ماہی میں 6.5 فیصد اور مارچ کی سہ ماہی میں چھ فیصد رہنے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔
شکتی کانت داس نے کہا کہ مالیاتی جائزے میں ایم پی سی نے اگلے مالی سال 2024-25 کی پہلی سہ ماہی کے لیے جی ڈی پی کی شرح نمو 6.7 فیصد ، دوسری سہ ماہی کے لیے 6.5 فیصد اور تیسری سہ ماہی کے لیے 6.4 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا ہے۔ اس سے قبل مرکزی بینک نے مالی سال 2023-24 میں اقتصادی ترقی کی شرح 6.5 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا تھا۔قابل ذکر ہے کہ 31 مارچ 2023 کو ختم ہونے والے مالی سال میں ہندوستان کی معیشت کی شرح نمو 7.2 فیصد رہی۔ رواں مالی سال 2023-24 کی جون اور ستمبر کی سہ ماہیوں میں ملک کی حقیقی جی ڈی پی کی شرح نمو سالانہ بنیادوں پر بالترتیب 7.8 فیصد اور 7.6 فیصد رہی ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ، ورلڈ بینک اور ریٹنگ ایجنسی فچ نے رواں مالی سال میں ہندوستان کی اقتصادی ترقی کی شرح 6.3 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی ہے ، جبکہ ایس اینڈ پی نے شرح نمو 6.4 فیصد رہنے کی توقع ظاہر کی ہے۔
ہندوستھان سماچارمحمدخان
