نئی دہلی، 04 مارچ ۔ ہفتے کے پہلے روز پیر کو شیئر مارکیٹ میں کاروبار کا مثبت آغاز ہوا۔ تاہم، فی الحال دونوں اہم انڈیکس سینسیکس اور نفٹی میں اتار- چڑھاو نظر آر ہا ہے ۔ فی الحال بامبے اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) کا سینسیکس 60.38 پوائنٹس یعنی 0.082 فیصد کے اضافے کے ساتھ 73,866.53 پر کاروبار کر رہا ہے۔ وہیں نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای ) کا نفٹی 16.70 پوائنٹس یعنی 0.075 فیصد کے اضافے کے ساتھ 22,395.10 پر کاروبار کر رہا ہے۔
مجموعی گھریلو مصنوعات (جی ڈی پی) کے اعداد و شمار میں امید سے بہترہونے کی وجہ سے حصص بازار میں اضافہ جاری ہے۔ اس سے پہلے، 30 حصص والا سینسیکس ابتدائی تجارت میں 97 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 73,903 پر کھلا۔ وہیں نفٹی نے 16 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 22,403 کی سطح پر کاروبار شروع کیا۔ سینسیکس کی کمپنیوں میں این ٹی پی سی، پاور گرڈ، بھارتی ایئرٹیل، انڈس انڈ بینک اور ماروتی کے شیئرس منافع میں تھے۔ دوسری طرف جے ایس ڈبلیو اسٹیل، ٹاٹا اسٹیل، ٹائٹن اور مہندرا اینڈ مہندرا کے شیئرس میں کمی دیکھی گئی۔
قابل ذکر ہے کہ ہفتہ کو خصوصی کاروبار کے دوران شیئر مارکیٹ نے آل ٹائم ہائی کا نیا ریکارڈ بنایا تھا۔ بی ایس ای سینسیکس 1,305.85 پوائنٹس یعنی 1.80 فیصد چھلانگ لگا کر 73,806.15 پر بند ہوا۔ وہیں این ایس ای کا نفٹی 395.60 پوائنٹس یعنی 1.80 فیصد کے اضافے کے ساتھ 22,378.40 کی سطح پر بند ہوا۔
