گھریلو شیئر بازار میں فروخت کا دباو، سینسیکس اور نفٹی میں گراوٹ
نئی دہلی، 19 مارچ ۔ گھریلو شیئر بازار میں ابھی تک دباو کی صورت حال ہے۔ آج کے کاروبار کی شروعات گراوٹ کے ساتھ ہوئی۔ شروعاتی کاروبار میں معمولی اتار چڑھاو کے بعد فروخت کنندگان نے چوطرفہ دباو بنا دیا، جس کی وجہ سے سینسیکس اور نفٹی دونوں انڈیکس بڑی گراوٹ کا شکار ہو گئے۔ کاروبار کے پہلے ایک گھنٹہ کے بعد سینسیکس 0.73 فیصد اور نفٹی 0.83 فیصد کی کمزوری کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔
کاروبار کے پہلے ایک گھنٹے کے بعد شیئر مارکیٹ کے بڑے شیئروں میں بجاج آٹو، بجاج فائنانس، بھارتی ایئرٹیل، ہنڈالکو انڈسٹریز اور آئی سی آئی سی آئی بینک کے حصص 1.28 فیصد سے لیکر 0.07 فیصد کے اضافے کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔ دوسری طرف بی پی سی ایل، ٹی سی ایس، سیپلا، نیسلے اور وپرو کے حصص 3.42 فیصد سے لیکر 1.71 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ کاروبار کرتے ہوئے نظر آرہے تھے۔
موجودہ کاروبار میں شیئر بازار میں 2,097 شیئروں میں ایکٹیو ٹریڈنگ ہورہی تھی۔ ان میں سے 895 شیئرس منافع کماکر سبز نشان میں جبکہ 1,202 شیئر نقصان اٹھاکر سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 شیئروں میں سے صرف 3 شیئر ہی خریداری کی حمایت کے ساتھ سبز نشان میں بنے ہوئے تھے۔ دوسری جانب فروخت کے دباو کے باعث 27 شیئرس سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ جبکہ نفٹی میں شامل 50 شیئرس میں سے 8 شیئرس سبز نشان میں اور 42 شیئر سرخ نشان میں کاروبار کرتے نظر آرہے تھے۔
بی ایس ای کا سینسیکس آج 285.48 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 72,462.94 پوائنٹس کی سطح پر کھلا۔ کاروبار کے آغاز کے بعد پہلے آدھے گھنٹے تک معمولی اتار چڑھاو ہوتا رہا۔ لیکن اس کے بعد فروخت کنندگان نے دباو بنا دیا جس کی وجہ سے انڈیکس مسلسل گرتا چلا گیا۔ بازار میں مسلسل خرید و فروخت کے درمیان تجارت کے پہلے گھنٹے کے بعد صبح 10:15 بجے سینسیکس 533.26 پوائنٹس نیچے تھا اور 72,215.16 پوائنٹس پر کاروبار کر رہا تھا۔
سینسیکس کی طرح این ایس ای کے نفٹی نے بھی آج 109.25 پوائنٹس گر کر 21,946.45 پوائنٹس پر تجارت شروع کی۔ بازار کھلنے کے بعد خریداروں اور فروخت کنندگان کے مابین ایک دوسرے پر غلبہ پانے کی کوششیں کچھ دیر تک جاری رہیں۔ لیکن 10 بجے سے کچھ دیر پہلے ہی فروخت کنندگان پوری طرح سے مارکیٹ پر حاوی ہو گئے جس کی وجہ سے انڈیکس گرتا چلا۔ مارکیٹ میں مسلسل خرید و فروخت کے درمیان کاروبار کے پہلے گھنٹے کے بعد صبح 10:15 بجے نفٹی 182.15 پوائنٹس کی کمزوری کے ساتھ 21,873.55 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
