ممبئی/نئی دہلی، 24 فروری ۔
مرکزی خزانہ اور کارپوریٹ امور کی وزیر نرملا سیتا رمن نے ہفتہ کو برلا گروپ کے زیر انتظام انجینئرنگ انسٹی ٹیوٹ بٹس پلانی کے پانچویں کیمپس کا افتتاح کیا۔ اس کے ساتھ اس باوقار ادارے میں قانون، انتظام اور ڈیزائن کے کورسز شامل کیے گئے ہیں۔
سیتارامن نے یہاں برلا گروپ کے انجینئرنگ انسٹی ٹیوٹ بٹس پلانی کے پانچویں کیمپس کا چراغ جلا کر افتتاح کیا۔ اس کے بعد وزیر خزانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسٹی ٹیوٹ نے ‘فارچیون 500’ میں 7300 چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز)، 300 عالمی شہرت کے حامل ماہرین تعلیم اور 600 سرکاری ملازمین پیدا کیے ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اس نے 6,200 اسٹارٹ اپس بھی تیار کیے ہیں جبکہ اس کے ‘انکیوبیشن سینٹرز’ نے 170 اسٹارٹ اپس کو جنم دیا ہے، جن میں سے 30 ‘یونیکورنز’ بن چکے ہیں۔
اس موقع پر گروپ کے چیئرمین اور انسٹی ٹیوٹ کے چانسلر کمار منگلم برلا نے اپنے خطاب میں کہا کہ 60 ایکڑ پر پھیلے اس 1600 کروڑ روپے کے کیمپس کی پوری صلاحیت 5 ہزار طلباء کے لیے ہے۔بٹس پیلانی انسٹی ٹیوٹ کا یہ نیا کیمپس انجینئرنگ کے اپنے بنیادی شعبے سے ہٹ کر قانون، انتظام اور ڈیزائن پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔ ڈیزائن اسکول پچھلے ہفتے ہی شروع کیا گیا تھا، جب کہ لاء اینڈ مینجمنٹ اسکول گزشتہ سال سے پوائی میں عارضی احاطے میں کام کر رہا تھا۔
اس سے پہلے وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے ممبئی لوکل ٹرین میں گھاٹ کوپر سے کلیان تک کا سفر کیا۔ اس دوران انہوں نے مسافروں سے بات چیت کی۔ اسی دوران سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے، جس میں نرملا سیتا رمن کو مسافروں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
