شروعاتی کاروبار میں گھریلو شیئر بازار میں گراوٹ، سینسیکس-نفٹی گرے
نئی دہلی، 20 مارچ ۔ گھریلو شیئر بازار آج دباو میں کاروبار کرتا نظر آرہا ہے۔ آج کے کاروبار کی شروعات معمولی سبقت کے ساتھ ہوئی تھی، لیکن پہلے آدھے گھنٹے کے بعد فروخت کنندگان نے مارکیٹ میں دباو بنادیا، جس کی وجہ سے سینسیکس اور نفٹی دونوں انڈیکس غوطہ لگا کر سرخ نشان میں پہنچ گئے۔ کاروبار کے پہلے گھنٹے کے بعد سینسیکس 0.15 فیصد اور نفٹی 0.23 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔
کاروبار کے ابتدائی ایک گھنٹے کے بعد شیئر مارکیٹ کے بڑے شیئروں میں سے آئشر موٹرز، ماروتی سوزوکی، بی پی سی ایل، نیسلے اور پاور گرڈ کارپوریشن کے شیئرس 3.88 فیصد سے لیکر 0.85 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔ دوسری جانب ہنڈالکو انڈسٹریز، ٹاٹا اسٹیل، یو ٹی ایل، ٹاٹا موٹرز اور ٹاٹا کنزیومر پروڈکٹس کے حصص میں 2.58 فیصد سے لیکر 1.47 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ کاروبار کرتے نظر آرہے تھے۔
موجودہ کاروبار میں شیئر مارکیٹ میں 2,097 شیئروں میں ایکٹیو ٹریڈنگ ہورہی تھی۔ ان میں سے 776 شیئرس منافع کماکر سبز نشان میں جبکہ 1,321 شیئر خسارے کے بعد سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 شیئروں میں سے 12 شیئرس خریداری کی حمایت کے ساتھ سبز نشان میں بنے ہوئے تھے۔ دوسری جانب فروخت کے دباو کے باعث 18 شیئرس سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ جبکہ نفٹی میں شامل شیئروں میں سے 17 شیئر سبز نشان میں اور 33 شیئرس سرخ نشان میں تجارت کرتے ہوئے نظر آرہے تھے۔
بی ایس ای کا سینسیکس آج 24.81 پوائنٹس کے معمولی اضافے کے ساتھ 72,036.86 پوائنٹس کی سطح پر کھلا۔ کاروبار شروع ہونے کے بعد پہلے آدھے گھنٹے تک بازار میں خریداروں اور بیچنے والوں کے درمیان رسہ کشی ہوتی نظر آئی۔ خریداری کی حمایت سے یہ انڈیکس اچھل کر 72,268.60 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ لیکن اس کے بعد فروخت کنندگان نے مارکیٹ پر فروخت کا دباو بنا دیا۔ مسلسل فروخت کی وجہ سے سینسیکس کچھ ہی وقت میں سرخ نشان میں پہنچ گیا۔ بازار میں مسلسل خرید و فروخت کے درمیان کاروبار کے پہلے گھنٹے کے بعد صبح 10:15 بجے سینسیکس 127.42 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 71,884.63 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
سینسیکس کی طرح این ایس ای کے نفٹی نے بھی آج 26.45 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 21,843.90 پوائنٹس پر تجارت شروع کی۔ مارکیٹ کھلنے کے بعد خریداری کی حمایت سے یہ انڈیکس تقریباً 50 پوائنٹس کی چھلانگ لگا کر 21,891.70 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ لیکن اس کے بعد فروخت کے دباو کی وجہ سے یہ انڈیکس اپنے تمام فوائد کھو کر سرخ نشان پر پہنچ گیا۔ مارکیٹ میں لگاتار خرید و فروخت کے درمیان پہلے ایک گھنٹے کی تجارت کے بعد صبح 10:15 بجے نفٹی 49.80 پوائنٹس کی کمزوری کے ساتھ 21,767.65 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
