نئی دہلی کمزور عالمی اشارے اور غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی بھاری فروخت کی وجہ سے گھریلو شیئر بازار آج مسلسل چوتھے کاروباری دن خسارے کے ساتھ بند ہوا۔ آج کے کاروبار کا آغاز مضبوطی سے ہوا تھا تاہم بازار کھلنے کے بعد بیل اور ریچھ دن بھر ایک دوسرے پر غلبہ پانے کی کوشش کرتے رہے جس کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ کی حرکت بھی مسلسل اتار چڑھاؤ کا شکار رہی۔ دوپہر تک بازار میں خریداروں کی بھرمار دیکھی گئی، لیکن کاروبار کے آخری 2 گھنٹے کے دوران ریچھوں نے پوری طرح سے مارکیٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کی وجہ سے سینسیکس نے انٹرا ڈے میں 1,107 پوائنٹس سے زیادہ کا غوطہ لگایا۔ اسی طرح نفٹی میں بھی انٹرا ڈے میں 364 پوائنٹس کی کمی آئی۔ پورے دن کے کاروبار کے بعد سینسیکس 0.62 فیصد اور نفٹی 0.69 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ بند ہوا۔
آج مارکیٹ کی کمزوری کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ کے سرمایہ کاروں کی دولت میں 35 ہزار کروڑ روپئے سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی ہے۔ آج کے کاروبار کے بعد بی ایس ای پر درج کمپنیوں کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن کم ہو کر 393.87 لاکھ کروڑ روپئے (عارضی) ہو گئی، جب کہ گزشتہ کاروباری دن یعنی منگل کو ان کا بازار سرمایہ 394.25 لاکھ کروڑ روپئے تھا۔ اس طرح سرمایہ کاروں کو آج کے کاروبار سے تقریباً 38 ہزار کروڑ روپئے کا نقصان ہوا ہے۔
بی ایس ای سینسیکس آج 239.42 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 73,183.10 پوائنٹس پر کھلا۔ کاروبار کے آغاز میں فروخت کے دباؤ کی وجہ سے اس انڈیکس میں کمی ہوئی۔ پورے دن کے کاروبار کے بعد یہ انڈیکس 454.69 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 72,488.99 پوائنٹس کی سطح پر آج کا کاروبار ختم ہوا۔
سینسیکس کی طرح، این ایس ای کے نفٹی نے بھی آج 64.45 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 22,212.35 پوائنٹس پر تجارت شروع کی۔ ابتدائی تجارت میں فروخت کے دباؤ کی وجہ سے یہ انڈیکس بھی کچھ عرصے کے لیے سرخ رنگ میں چلا گیا۔ مسلسل فروخت کے باعث یہ انڈیکس بالائی سطح سے 364.80 پوائنٹس گر گیا اور 186.20 پوائنٹس کی کمزوری کے ساتھ 21,961.70 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ پورے دن کی خرید و فروخت کے بعد نفٹی 152.05 پوائنٹس گر کر 21,995.85 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
آج، دن کے کاروبار کے بعد،شیئر بازار کے بڑے اسٹاکس میں، بھارتی ایئرٹیل 4.05 فیصد، پاور گرڈ کارپوریشن 2.13 فیصد، بجاج آٹو 1.15 فیصد، ایل ٹی مائنڈ ٹری 0.74 فیصد اور ہندالکو انڈسٹریز 0.65 فیصد کے ساتھ آج کے ٹاپ 5 فائدہ حاصل کرنے والوں کی فہرست میں شامل رہے جبکہ اپولو ہاسپٹلس 4.11 فیصد، ٹائٹن کمپنی 3.31 فیصد، نیسلے 3.28 فیصد، کول انڈیا 3.22 فیصد اور او این جی سی 3.18 فیصد کی کمزوری کے ساتھ آج کے ٹاپ 5 نقصان اٹھانے والوں کی فہرست میں شامل ہوئے۔
