گوئل نے سلیکان ویلی کے کاروباریوں سے ملاقات کی، اہم امور پر تبادلہ خیال کیا
نئی دہلی/سان فرانسسکو، 16 نومبر (ہ س)۔ مرکزی کامرس اور صنعت کے وزیر پیوش گوئل نے اپنے دورہ امریکہ کے تیسرے دن سلیکان ویلی کے ہندوستانی نژاد کاروباریوں سے ملاقات کی۔ گوئل نے اس میٹنگ کے دوران وینچر کیپیٹلسٹ (وی سی) کے ساتھ اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ اطلاع وزارت تجارت و صنعت نے جمعرات کو جاری کردہ ایک بیان میں دی۔ وزارت کے مطابق، وزیر تجارت نے مذاکرات میں شامل نمائندوں کو اپنے خیالات کا اظہار کرنے کی ترغیب دی۔ پیوش گوئل نے ہندوستان کو دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری کا ایک بہتر مقام بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیر تجارت اور صنعت نے ہندوستانی اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے صنعت کاروں اور وینچر کیپیٹلسٹ سے کہا کہ وہ ہندوستان کے نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت جیسے اہم اور ابھرتے ہوئے ٹیکنالوجی کے شعبوں میں کام کرنے میں مدد اور تعاون کریں۔ پیوش گوئل نے اس کے بعد اسٹینفورڈ یونیورسٹی میں سرکردہ ماہرین تعلیم کے ساتھ گول میز مباحثے میں حصہ لیا۔
قبل ازیں، وزیر تجارت نے سنجے مہروترا، چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اور مائکرون ٹیکنالوجی کے صدر سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران انہوں نے ہندوستان میں بڑھتے ہوئے سیمی کنڈکٹر سیکٹر میں کاروباری مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ گوئل نے یوٹیوب انکارپوریشن کے سی ای او نیل موہن کے ساتھ ایک الگ دو طرفہ میٹنگ کی۔
ان دو طرفہ میٹنگوں میں، گوئل نے ہندوستان میں ان کی موجودگی کے حوالے سے ان کمپنیوں کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا اور ہندوستانی منڈیوں تک ان کی رسائی میں تعاون کی پیشکش کی۔ قابل ذکر ہے کہ وزیر تجارت انڈو پیسیفک اکنامک فریم ورک برائے خوشحالی کی وزارتی میٹنگ میں شرکت کے لئے سان فرانسسکو میں ہیں۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
