نئی دہلی، 23 اکتوبر ( ہ س)۔ مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل منگل کے روز سے سعودی عرب کے دو روزہ دورے پر جائیں گے۔ اس دورے کے دوران گوئل ریاض میں سعودی عرب سلطنت کی اہم شخصیات سمیت سینئر لیڈروں اور کاروباری لوگوں سے ملاقات کریں گے۔
وزارت تجارت و صنعت نے پیر کو جاری کردہ ایک بیان میں یہ اطلاع دی۔ وزارت نے کہا کہ پیوش گوئل 24 اکتوبر سے سعودی عرب کے دو روزہ دورے پر ہوں گے۔ وزیر تجارت دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کر سکتے ہیں۔ اس دوران وہ ریاض میں سینئر رہنماو¿ں اور کاروباری شخصیات سے ملاقات کریں گے۔
اس دوران پیوش گوئل سعودی عرب کے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان السعود، وزیر تجارت ماجد بن عبداللہ الکسابی، وزیر سرمایہ کاری خالد اے الفالح ، صنعت اور معدنی وسائل کے وزیر بندر بن ابراہیم الخورائف اور پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) کے گورنر یاسر رومیان سمیت دیگر معززین سے ملاقات کریں گے۔
وزارت کے مطابق، پیوش گوئل سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو ( ایف آئی آئی ) کے ساتویں ایڈیشن میں شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیر تجارت کی دنیا بھر کے کاروباری رہنماوں اور ممتاز چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) سے بھی ملاقات متوقع ہے۔
ہندوستھان سماچار
