شروعاتی کاروبار میں شیئر بازار میں اضافہ، سینسیکس اور نفٹی میں تیزی
نئی دہلی، 9 جنوری (ہ س)۔ مضبوط عالمی اشاروں کی حمایت سے گھریلو شیئر بازار میں بھی آج تیزی کا رجحان نظر آرہا ہے۔ آج کے کاروبارکی شروعات مضبوطی کے ساتھ ہوئی تھی۔ حالانکہ ابتدائی تجارت میں فروخت کا دباو رہا لیکن کچھ دیر بعد خریداروں نے خریداری کا زور بنا کر بازار کی صورتحال پر قابو پالیا۔ کاروبار کے پہلے ایک گھنٹے کے بعد سینسیکس 0.65 فیصد اور نفٹی 0.70 فیصد کے اضافے کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔
کاروبار کے پہلے ایک گھنٹے کے بعد شیئر بازار کے بڑے شیئروں میں اڈانی پورٹس، اڈانی انٹرپرائز، بجاج آٹو، ٹی سی ایس اور ایچ سی ایل ٹیکنالوجی کے حصص 4.21 فیصد سے لیکر 1.64 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔ دوسری جانب برٹانیہ، یو پی ایل، آئشر موٹرز، نیسلے اور ایچ ڈی ایف سی لائف کے حصص 0.88 فیصد سے لیکر 0.39 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ کاروبار کرتے نظر آرہے تھے۔
ابھی تک کے کاروبار میںشیئر بازار میں 2,063 شیئروں میں ایکٹیو ٹریڈنگ ہورہی تھی۔ ان میں سے 1546 شیئرس منافع کما کر سبز نشان میں جبکہ 517 شیئرس خسارے کے بعد سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 شیئروں میں سے 25 شیئرس خریداری کی حمایت کے ساتھ سبز نشان میں بنے ہوئے تھے۔ دوسری جانب فروخت کے دباو کے باعث 5 شیئرس سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ جبکہ نفٹی میں شامل شیئروں میں سے 40 شیئر سبز نشان میں اور 10 شیئرسرخ نشان میں کاروبار کرتے نظر آرہے تھے۔
بی ایس ای کا سینسیکس آج 415.69 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 71,770.91 پوائنٹس پر کھلا۔ کاروبار کے آغاز کے بعد یہ انڈیکس خریداری کی حمایت سے 71,871.82 پوائنٹس تک بڑھ گیا۔ لیکن اس کے بعد بازار میں فروخت کے دباو کی وجہ سے سینسیکس میں زبردست گراوٹ آئی اور یہ انڈیکس گر کر 71,622.11 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ اس گراوٹ کے بعد خریداروں نے ایک بار پھر خریداری کا زور بنا کر اس انڈیکس کی رفتار بڑھا دی۔ بازار میں مسلسل خرید و فروخت کے درمیان کاروبار کے پہلے گھنٹے کے بعد صبح 10:15 بجے سینسیکس 464.61 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 71,819.83 پوائنٹس پر کاروبار کر رہا تھا۔
سینسیکس کی طرح این ایس ای کے نفٹی نے بھی آج 140.60 پوائنٹس کی چھلانگ لگاکر 21,653.60 پوائنٹس پر کاروبار کی شروعات کی۔ ابتدائی تجارت میں خریداری کی حمایت کی وجہ سے یہ انڈیکس بھی تقریباً 20 پوائنٹس کی چھلانگ لگا کر 21,673.65 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ لیکن اس کے بعد منافع وصولی شروع ہونے کی وجہ سے یہ انڈیکس 21,594.45 پوائنٹس تک گر گیا۔حالانکہ کاروبار کے پہلے آدھے گھنٹے کے بعد خریداروں نے ایک بار پھر بازار میں خریداری کا زور بنایا، جس کی وجہ سے اس انڈیکس کی رفتار بھی بڑھ گئی۔ بازار میں پہلے ایک گھنٹے کی مسلسل خرید و فروخت کے بعد صبح 10:15 بجے نفٹی 149.55 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 21,662.55 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
