ممبئی/نئی دہلی، 11 نومبر (ہ س)۔ ملک کے بڑے اسٹاک ایکسچینج بامبے اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) نے رواں مالی سال 2023-24 کی دوسری سہ ماہی کے نتائج کا اعلان کیا ہے۔ جولائی-ستمبر سہ ماہی میں بی ایس ای کا منافع چار گنا بڑھ کر 118 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔ گزشتہ مالی سال کی اسی سہ ماہی میں بی ایس ای کا خالص منافع 29.4 کروڑ روپے تھا۔
بی ایس ای نے ہفتہ کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ دوسری سہ ماہی میں اس کا خالص منافع چار گنا بڑھ کر 118 کروڑ روپے ہو گیا۔ بی ایس ای نے گزشتہ مالی سال کی اسی سہ ماہی میں 29.4 کروڑ روپے کا خالص منافع کمایا تھا۔ بی ایس ای کے مطابق، ایکسچینج کی آمدنی جولائی تا ستمبر سہ ماہی میں 53 فیصد بڑھ کر ریکارڈ 367 کروڑ روپے ہوگئی، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 240 کروڑ روپے تھی۔
اسی طرح، ایکویٹی سیگمنٹ میں ایکسچینج کا یومیہ اوسط کاروبار ستمبر 2022 کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں 4،740 کروڑ روپے سے بڑھ کر 5,922 کروڑ روپے ہوگیا۔ بی ایس ای کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سندرمن راما مورتی نے کہا کہ ہم انسانی وسائل، نئی مصنوعات کی ترقی، ٹیکنالوجی کے بنیادی ڈھانچے وغیرہ میں سرمایہ کاری جاری رکھیں گے۔اس طرح طویل مدتی ترقی کے حصول اور متحرک بی ایس ای۔2025 کو چلانے کے اپنے مشن کو حاصل کرنا ہے۔
ہندوستھان سماچار
