نئی دہلی، 18 نومبر (ہ س)۔
ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے سابق گورنر ایس وینکٹ رمنن کا طویل علالت کے بعد آج صبح انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 92 برس تھی۔ ایس۔ وینکٹ رمنن آر بی آئی کے 18ویں گورنر تھے۔ ریزرو بینک کے گورنر بننے سے پہلے وہ کرناٹک حکومت کے فنانس سکریٹری اور مشیر بھی رہ چکے ہیں۔
آر بی آئی کے سابق گورنر 92 سالہ وینکٹ رمنن کئی سنگین بیماریوں میں مبتلا تھے۔ وینکٹ رمنن 1990 سے 1992 تک اس عہدے پر فائز رہے۔ انہوں نے 1985 سے 1989 تک وزارت خزانہ میں فنانس سیکرٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ ان کے پسماندگان میں ان کی دو بیٹیاں گریجا اور سودھا ہیں۔ ان کی بیٹی گریجا ویدیا ناتھن تمل ناڈو کی سابق چیف سکریٹری رہ چکی ہیں۔
آر بی آئی کی ویب سائٹ کے مطابق ایس وینکٹ رمنن کو اپنے دور اقتدار میں عالمی محاذوں پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کی انتظامیہ نے ملک کو ادائیگیوں کے توازن کے بحران سے نکالا۔ وینکٹ رمنن کے دور میں، ہندوستان نے آئی ایم ایف کے استحکام پروگرام کو اپنایا، جہاں روپے کی قدر میں کمی کی گئی اور اقتصادی اصلاحات کے پروگرام شروع کیے گئے۔
ہندوستھان سماچار
