جموں و کشمیر میں ڈینگی کے معاملات میں پھیلاؤ جاری، جموں ضلع زیادہ متاثر
جموں، 13 اکتوبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے مختلف حصوں سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے ایک سو پینتالیس مزید کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس سے اس سال اب تک کیسوں کی کل تعداد 3152 ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آج صرف جموں ضلع سے 78 کیس رپورٹ ہوئے جبکہ ادھم پور سے 33، کٹھوعہ سے 15، سانبہ سے 7، راجوری سے 5، پونچھ سے 3، ریاسی، ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع سے ایک ایک کیس درج ہوا ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ پازیٹیو مریضوں میں 126 بالغ اور 19 بچے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک سب سے زیادہ 2168 معاملے جموں ضلع سے ہیں۔ اس کے بعد ضلع ادھم پور میں 322، کٹھوعہ میں 238 اور سانبہ میں 212 کیس ہیں۔ عہدیدار نے بتایا کہ راجوری میں 64، رامبن میں 29، ریاسی میں 27، پونچھ اور ڈوڈہ میں 21، کشتواڑ میں 4، کشمیر میں 15 اور ملک کے دیگر حصوں سے 27 معاملے سامنے آئے ہیں۔
عہدیدار نے مزید بتایا کہ اب تک ڈینگی کے کل 1047 مریض اسپتالوں میں داخل کیے گئے ہیں جن میں سے 928 کو ڈسچارج کردیا گیا ہے اور 89 مریض تاحال زیر علاج ہیں۔ اہلکار نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے گھروں کے اندر اور اس کے ارد گرد پانی کا جمود نہ ہونے کو یقینی بنائیں کیونکہ ٹھہرے ہوئے پانی میں ڈینگی کی افزائش زیادہ ہوتی ہے ۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
