پونے
، 3 دسمبر(ہ س)۔ پونے پولیس نے گینگسٹر نیلیش گھیوال کے گینگ
سے وابستہ ایک کارندے سے 400 کارتوس برآمد کر کے سنگین مجرمانہ سرگرمیوں کا پول
کھول دیا ہے۔ پولیس کے مطابق ضبط شدہ کارتوس میں 200 فائر شدہ جبکہ 200 مکمل طور
پر فعال کارتوس شامل ہیں، جو مختلف دیہی مقامات پر غیر قانونی اسلحہ مشق کے دوران
استعمال کیے گئے۔
پولیس
کمشنر امیتیش کمار نے بتایا کہ گرفتار غنڈہ اجے مہادیو سرودے لوناوالا کے کھیت میں
پستول کے ذریعے شوٹنگ پریکٹس کرتا رہا۔ مشق کے بعد اس نے تمام کارتوس گھیوال کو
فراہم کیے، جنہوں نے یہ اسلحہ اہلیانگر کے سونائی گاؤں میں مزید تربیتی مشق کے لیے
استعمال کیا۔
تحقیقات
سے یہ بھی سامنے آیا ہے کہ سرودے وہی ملزم ہے جس نے ستمبر میں کوتھروڈ فائرنگ کے
بعد ایک نوجوان پر تیز دھار ہتھیار سے قاتلانہ حملے کی کوشش کی تھی۔ پولیس نے اسے
اسی مقدمے میں حال ہی میں گرفتار کیا ہے۔ واضح رہے کہ نیلیش گھیوال کے غنڈے 17
ستمبر 2025 کی رات ایک نوجوان کو گولی مارنے کے سنگین واقعے میں بھی نامزد ہیں، جس
کے بعد سے ان کی سرگرمیاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خاص توجہ میں ہیں۔
ہندوستھان سماچار
——————–
ہندوستان سماچار / جاوید این اے
