نئی دہلی، 4 اکتوبر (ہ س):۔
ہندوستان اور یورپی یونین (ای یو) کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) پر مذاکرات کا 14 واں دور 6 اکتوبر سے شروع ہونے والا ہے۔ یورپی کمیشن کے صدر وون ڈیر لیین اور وزیر اعظم نریندر مودی نے اس سال کے آخر تک ایف ٹی اے کو حتمی شکل دینے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
یورپی یونین کے سفیر ہاروے ڈیلفن نے ہفتہ کو فیڈریشن آف یورپین بزنسز ان انڈیا (ایف ای بی آئی) کی دوسری سالانہ جنرل میٹنگ میں یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریق اس سال کے آخر تک معاہدے کو حتمی شکل دینے کے مقصد سے بات چیت کو تیزی سے آگے بڑھا رہے ہیں۔
ایف ای بی آئی کی دوسری سالانہ جنرل میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے،ہاورے ڈیلفن نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان کے پاس پہلے سے ہی بڑی تعداد میں یورپی کاروبار موجود ہیں، جو آزاد تجارتی معاہدے کے لیے مزید مواقع فراہم کر سکتے ہیں۔ ایف ای بی آئی کے ایک نئے سروے کے مطابق، 6000 سے زیادہ یورپی کمپنیاں ہندوستان میں کام کر رہی ہیں، جس سے 30 لاکھ سے زیادہ ملازمتیں پیدا ہو رہی ہیں۔ یہ کمپنیاں نہ صرف سرمایہ کاری کرتی ہیں بلکہ ہندوستان سے تیاری، اختراعات اور برآمدات بھی کرتی ہیں، جو وزیر اعظم مودی کے میک ان انڈیا ویژن میں براہ راست تعاون کرتی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ
