جموں،6 ستمبر (ہ س)۔
جموں و کشمیر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم بنیادی طور پر ابر آلود رہا ۔وہیں محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران جموں و کشمیر میں وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کی پیش گوئی کی ہے، تاہم 12 ستمبر تک کسی بھی شدید موسمی صورتحال کے امکان سے انکار کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج چند علاقوں میں مختصر بارش یا گرج چمک متوقع ہے۔ پھر 7 اور 8 ستمبر کو کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی نوعیت کی بارش اور گرج چمک کی توقع ہے، خاص طور پر جموں ڈویژن کے بعض اضلاع میں شب دیر یا صبح سویرے معتدل بارش کا امکان ہے۔ 9 سے 12 ستمبر کے دوران بھی بعض مقامات پر وقفے وقفے سے بارش یا گرج چمک متوقع ہے۔ محکمہ نے عوام کو انتباہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر گرنے کے خطرات موجود ہیں۔ شہریوں سے تاکید کی گئی ہے کہ ندی نالوں، دریا کے کناروں اور غیر مستحکم عمارات سے دور رہیں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔
ادھر محکمہ زراعت نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آج سے زرعی سرگرمیاں شروع کر دیں جبکہ دھان کی فصل کی کٹائی کا آغاز 9 ستمبر سے کیا جائے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر
