نئی دہلی 08 اگست (ہ س)۔ ملک کے سب سے بڑے عوامی شعبے کے بینک اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) نے مالی سال 2025-26 کی پہلی سہ ماہی کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ 30 جون کو ختم ہونے والی اپریل-جون سہ ماہی میں بینک کا منافع 12 فیصد بڑھ کر 19,160 کروڑ روپے ہو گیا ہے۔ گزشتہ مالی سال 2024-25 کی پہلی سہ ماہی میں، بینک کا خالص منافع 17,035 کروڑ روپے رہاتھا۔
اسٹیٹ بینک نے جمعہ کو اسٹاک مارکیٹ کو مطلع کیا کہ اس کی کل آمدنی بھی اپریل-جون سہ ماہی میں بڑھ کر 1,35,342 کروڑ روپے ہوگئی، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1,22,688 کروڑ روپے تھی۔ بینک کی سود کی آمدنی بڑھ کر 1,17,996 کروڑ روپے ہو گئی، جبکہگزشتہ مالی سال کی اسی سہ ماہی میں یہ 1,11,526 کروڑ روپے تھی۔
بینک کے مطابق، آپریٹنگ منافع بھی سالانہ بنیاد پر 26,449 کروڑ روپے سے بڑھ کر 30,544 کروڑ روپے ہوگیا۔ اس کے ساتھ ساتھ جون سہ ماہی کے اختتام پر مجموعی نان پرفارمنگ اثاثہ جات (این پی اے) کم ہو کر 1.83 فیصد ہو گیا، جو ایک سال پہلے 2.21 فیصد تھا۔ اسی طرح خالص این پی اے یعنی خراب قرضے بھی سالانہ بنیادوں پر 0.57 فیصد سے کم ہو کر 0.47 فیصد ہو گئے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد
