نئی دہلی، 5 اگست (ہ س)۔ ہندوستانی گرینڈ ماسٹر آر ویشالی کو خواتین کی اسپیڈ شطرنج چیمپئن شپ 2025 کے پہلے راؤنڈ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ وہ پیر کو امریکی انٹرنیشنل ماسٹر ایلس لی کے ہاتھوں 6-8 سے شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں۔
میچ کے آغاز میں ویشالی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 5+1 سیکشن میں 3.5-0.5 کی برتری حاصل کی، لیکن ایلس لی نے 3+1 سیکشن میں زبردست واپسی کی اور لگاتار چار میچ جیتے۔ آخری 1+1 سیکشن میں بھی اس نے 3-2 کی برتری حاصل کی اور میچ جیت لیا۔
یہ ٹورنامنٹ آن لائن کھیلا جا رہا ہے اور اس میں کل 16 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جن میں سے آٹھ کوالیفائر ہیں جبکہ آٹھ کو براہ راست مدعو کیا گیا ہے۔ مقابلے کی کل انعامی رقم 75,000 امریکی ڈالر ہے جس میں فاتح کو 7,000 ڈالر ملیں گے۔
ہندوستان کی دیویا دیشمکھ اب اس ٹورنامنٹ میں واحد ہندوستانی کھلاڑی رہ گئی ہیں۔ 19 سالہ دویا، جو حال ہی میں فیڈے ورلڈ کپ جیت کر گرینڈ ماسٹر بنی ہے، اپنا پہلا میچ 11 اگست کو چین کی لی تینگ جی کے خلاف کھیلے گی۔
ہندوستھان سماچار
—————
ہندوستان سماچار / عبدالواحد
