نئی دہلی، 3 اگست (ہ س)۔
جنوب مشرقی ضلع کے نیو فرینڈز کالونی (این ایف سی) تھانے نے چوری شدہ موبائل فونز کی خرید و فروخت میں ملوث ایک خاتون کو گرفتار کیا ہے۔ ملزم خاتون سے 34 موبائل فون اور ایک ٹیبلٹ پیڈ برآمد ہوا ہے۔ تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ خاتون طویل عرصے سے چوری شدہ آلات کی خرید و فروخت میں ملوث تھی۔
جنوب مشرقی ضلع کے ڈی سی پی ہیمنت تیواری کے مطابق، یکم اگست کو پولیس کی ایک ٹیم انسپکٹر راجندر کمار جین کی نگرانی میں اسٹریٹ کرائم کو روکنے کے مقصد سے علاقے میں گشت کر رہی تھی۔ گشت کے دوران پولیس نے ایک مشکوک خاتون کو روکا جو ایک بڑا بیگ لے کر جا رہی تھی۔ بیگ کی تلاشی لینے پر 34 موبائل فون اور ایک ٹیبلٹ پیڈ برآمد ہوا۔
تفتیش کے دوران ملزم کی شناخت جیسمین (32) کے نام سے ہوئی۔ پوچھ گچھ میں معلوم ہوا کہ وہ اس سے قبل چوری اور مسروقہ املاک کی خرید و فروخت کی چار وارداتوں میں ملوث رہی ہے۔ دوران تفتیش ملزمہ جیسمین نے بتایا کہ وہ دو افراد سے چوری شدہ موبائل سستے داموں خریدتی تھی اور پھر مہنگے داموں نامعلوم افراد کو فروخت کرتی تھی۔ گرفتاری کے وقت بھی وہ موبائل بیچنے جا رہی تھی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ
