انگلینڈ کی خواتین ٹیم کو سلو اوور ریٹ پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ
نئی دہلی، 18 جولائی (ہ س)۔
بھارتی اوپنر پرتیکا راول پر انگلینڈ کے خلاف خواتین کے پہلے ون ڈے میں آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے لیول 1 کی خلاف ورزی پر ان کی میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ یہ میچ بدھ کو ساو¿تھمپٹن میں کھیلا گیا۔ راول پر کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے لیے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.12 کی خلاف ورزی کا الزام تھا، جس کا تعلق کسی کھلاڑی، امپائر، میچ ریفری یا تماشائیوں کے ساتھ نامناسب جسمانی رابطہ سے ہے۔
اس خلاف ورزی کے ساتھ راول کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ بھی شامل ہو گیا ہے۔ گزشتہ 24 ماہ میں یہ ان کا پہلا جرم تھا۔ راول کو دو الگ الگ واقعات میں نامناسب جسمانی رابطے کا مجرم پایا گیا تھا۔ پہلا واقعہ 18ویں اوور میں اس وقت پیش آیا جب وہ سنگل کے دوران انگلینڈ کی بولر لارین فائلر سے ٹکرا گئیں۔ دوسرا واقعہ اگلے ہی اوور میں پیش آیا، جب وہ آو¿ٹ ہونے کے بعد پویلین لوٹتے ہوئے سوفی ایکلسٹون سے ٹکرا گئیں۔
ادھر انگلینڈ کی خواتین ٹیم پر سلو اوور ریٹ پر میچ فیس کا پانچ فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ مقررہ وقت میں اوور مکمل نہ کرنے پر انہیں ایک اوور پیچھے پایا گیا۔ یہ کارروائی آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.22 کے تحت کی گئی ہے جس کے تحت سلو اوور ریٹ کی صورت میں ہر اوور کے لیے کھلاڑیوں کی میچ فیس کا پانچ فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
راول اور انگلینڈ کی کپتان نیٹ سکیور برنٹ نے اپنے جرائم کا اعتراف کیا اور ایمریٹس آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف میچ ریفری سارہ بارٹلیٹ کی تجویز کردہ سزا کو قبول کیا۔ جس کی وجہ سے باقاعدہ سماعت کی ضرورت نہیں پڑی۔ جن امپائرز نے یہ الزام عائد کیا ان میں سو ریڈفرن، جیکولین ولیمز، تھرڈ امپائر اینا ہیرس اور چوتھے امپائر روب وائٹ شامل تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ
