سینسیکس 0.30 فیصد اور نفٹی 0.27 فیصد گر کر بند ہوا۔
نئی دہلی، 14 جولائی (ہ س)۔ گھریلو اسٹاک مارکیٹ میں آج مسلسل چوتھے کاروباری دن گراوٹ درج کی گئی، لیکن سرمایہ کاروں نے آج کے کاروبار سے تقریباً 96 ہزار کروڑ روپے کا منافع کمایا۔ آج کی ٹریڈنگ فلیٹ لیول پر شروع ہوئی۔ جیسے ہی بازار کھلا، فروخت شروع ہوگئی اور سینسیکس اور نفٹی دونوں انڈیکس گر گئے۔ بیچ میں خریداروں نے اپنی قوت خرید بڑھانے کی کوشش بھی کی لیکن اسٹاک مارکیٹ تقریباً پورا دن سرخ نشان پر ٹریڈ کرتی رہی۔ پورے دن کی خرید و فروخت کے بعد سینسیکس 0.30 فیصد اور نفٹی 0.27 فیصد کی کمزوری کے ساتھ بند ہوا۔
آج دن کے کاروبار کے دوران فارماسیوٹیکل، رئیلٹی اور پی ایس یو بینک سیکٹر کے اسٹاکس میں مسلسل خریداری رہی۔ اسی طرح آٹوموبائل، کنزیومر ڈیور ایبل، ایف ایم سی جی، آئل اینڈ گیس اور میٹل انڈیکس بھی اضافے کے ساتھ بند ہونے میں کامیاب رہے۔ دوسری جانب آئی ٹی، کیپٹل گڈز، پبلک سیکٹر انٹرپرائز اور ٹیک سیکٹر کے اسٹاکس میں مسلسل فروخت رہی۔ بینچ مارک انڈیکس میں کمزوری کے باوجود، آج وسیع بازار میں مسلسل خریداری رہی، جس کی وجہ سے بی ایس ای مڈ کیپ انڈیکس 0.67 فیصد اضافے کے ساتھ بند ہوا۔ اسی طرح اسمال کیپ انڈیکس نے آج کا کاروبار 0.57 فیصد اضافے کے ساتھ ختم کیا۔
اسٹاک مارکیٹ میں آج کمزوری کے باوجود مڈ کیپ اور اسمال کیپ اسٹاکس میں خریداری کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ کے سرمایہ کاروں کی دولت میں تقریباً ایک لاکھ کروڑ روپے کا اضافہ ہوا۔ آج کی ٹریڈنگ کے بعد بی ایس ای پر درج کمپنیوں کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن بڑھ کر 457.65 لاکھ کروڑ (عارضی) ہو گئی۔ گزشتہ ہفتے کے آخری تجارتی دن یعنی جمعہ کو ان کا بازار سرمایہ 456.69 لاکھ کروڑ روپے تھا۔ اس طرح سرمایہ کاروں نے آج کی تجارت سے تقریباً 96 ہزار کروڑ روپے کا منافع کمایا۔
آج کی ٹریڈنگ کے دوران بی ایس ای پر 4,340 حصص میں فعال تجارت ہوئی۔ جن میں سے 2,063 حصص کے بھاؤ اضافہ کے ساتھ بند ہوئے جبکہ 2,123 حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 154 کے حصص بغیر کسی اتار چڑھاؤ کے بند ہوئے۔ این ایس ای پر آج 2,673 حصص میں فعال تجارت ہوئی۔ ان میں سے 1318حصص منافع کمانے کے بعد گرین زون میں بند ہوئے جبکہ 1355حصص نقصان اٹھانے کے بعد ریڈ زون میں بند ہوئے۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 حصص میں سے 10 شیئرز اضافے کے ساتھ بند ہوئے اور 20 حصص گراوٹ کے ساتھ بند ہوئے۔ جبکہ نفٹی میں شامل 50 حصص میں سے 22 حصص گرین زون میں اور 28 حصص ریڈ زون میں بند ہوئے۔
بی ایس ای سینسیکس آج 37.40 پوائنٹس کے معمولی اضافے کے ساتھ 82,537.87 پوائنٹس کی سطح پر کھلا۔
کاروبار شروع ہوتے ہی فروخت کے دباؤ کی وجہ سے انڈیکس ریڈ زون میں چلا گیا۔ مسلسل فروخت کی وجہ سے، سینسیکس دوپہر 1 بجے کے فوراً بعد 490.09 پوائنٹس کی کمزوری کے ساتھ 82,010.38 پوائنٹس تک گر گیا۔ اس گراوٹ کے بعد خریداروں نے خریداری کا دباؤ بڑھانے کی کوشش کی جس کی وجہ سے اس انڈیکس کی حالت بہتر ہونے لگی۔ دن کے دوسرے سیشن میں خریداری کی وجہ سے، سینسیکس نے نچلی سطح سے 240 پوائنٹس سے زیادہ کی بازیافت کی اور 247.01 پوائنٹس کی کمزوری کے ساتھ 82,253.46 پوائنٹس پر بند ہوا۔
سینسیکس کی طرح، این ایس ای کے نفٹی نے بھی آج 0.35 پوائنٹس کی علامتی کمزوری کے ساتھ 25,149.50 پوائنٹس کی فلیٹ سطح کے ساتھ تجارت شروع کی۔ جیسے ہی مارکیٹ کھلی، انڈیکس نے چند لمحوں کے لیے گرین زون میں 25,151.10 پوائنٹس تک چھلانگ لگایا، لیکن اس کے بعد فروخت کے دباؤ کی وجہ سے یہ دوبارہ ریڈ زون میں چلا گیا۔ مسلسل فروخت کی وجہ سے نفٹی 147.90 پوائنٹس گر کر 25,001.95 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔ اس کے بعد مارکیٹ میں خرید و فروخت شروع ہوئی جس کی وجہ سے اس انڈیکس کی حرکت میں بہتری آنے لگی۔ دن کے دوسرے سیشن میں اس خرید کی حمایت کے ساتھ، نفٹی نے نچلی سطح سے 80 پوائنٹس سے زیادہ کی بازیافت کی اور 67.55 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 25,082.30 پوائنٹس پر بند ہوا۔
—————
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی
