کٹیہار، 08 جولائی (ہ س)۔ پھلکا تھانہ علاقہ کے ہتھواڑہ پنچایت کے چپریلا گاؤں میں ملک گھاٹ پر بارنڈی ندی میں نہاتے ہوئے دو بچوں کی موت ہو گئی۔ مرنے والے بچوں کی شناخت محمد توفیق (10) اور نزہت خاتون (13) کے طور پر کی گئی ہے، یہ دونوں بھرسیہ پنچایت کے منڈا ٹولہ وارڈ نمبر 3 کے رہنے والے تھے۔
پڑھائی کے بعد دونوں بچے کھیتوں میں گھاس کاٹنے چلے گئے تھے۔ گھاس کاٹنے کے بعد وہ بارنڈی ندی میں نہانے لگے جہاں نزہت خاتون نے گہرے پانی میں قدم رکھا اور وہ ڈوبنے لگی۔ اسے بچانے کے لیے محمد توفیق نے بھی پانی میں چھلانگ لگا دی لیکن وہ بھی ڈوب گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی زونل آفیسر سومی پودار اور تھانہ صدر کندن کمار اپنی ٹیم کے ساتھ منڈا ٹولہ پہنچے اور متوفی بچوں کے اہل خانہ کو تسلی دی۔ تاہم اہل خانہ نے پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کر دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایم پی کے نمائندے تفسیر عالم اور سماجی کارکن رنجیت پاسوان بھی موقع پر پہنچے اور جاں بحق بچوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں تسلی دی۔ جاں بحق بچوں کے لواحقین کا رونے سے برا حال ہے۔
—————
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی
