بنگال میں موسم نے ایک بار پھر کروٹ لی، درجہ حرارت اچانک چھ ڈگری تک گرا
کولکاتا، 8 فروری ۔ میٹروپولیٹن کولکاتا سمیت ریاست کے دیگر حصوں میں موسم نے ایک بار پھر کروٹ لی ہے۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران درجہ حرارت میں چھ ڈگری سیلسیس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ حالانکہ سردی زیادہ نہیں بڑھی ہے۔ جہاں اس ہفتے اتوار سے بدھ تک کم سے کم درجہ حرارت 22 ڈگری سیلسیس کے قریب رہا اور گرمی محسوس ہو رہی تھی، آج جمعرات کو یہ گر کر 16.7 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا ہے۔
زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھی 25.5 ڈگری سیلسیس ہے جو معمول سے تین ڈگری کم ہے۔ حالانکہ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں برف باری کے بعد جنوبی بنگال میں داخل ہونے والی برفیلی ہواوں کے باعث پارہ گر گیا ہے، تاہم سردی میں دوبارہ اضافہ نہیں ہوگا۔ اس اتوار کے بعد ایک بار پھر درجہ حرارت میں اضافے کا رجحان شروع ہو سکتا ہے۔
کولکاتا کے علاوہ ریاست کے دیگر حصوں بشمول ہاوڑہ، ہگلی، شمالی اور جنوبی 24 پرگنہ، مشرقی اور مغربی مدنا پور، پرولیا، بانکوڑہ میں بھی درجہ حرارت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ تاہم شمالی بنگال کے علی پور دوار، کوچ بہار، جلپائی گوڑی، دارجلنگ اور کلمپونگ میں کم از کم درجہ حرارت 12 سے 13 ڈگری سیلسیس کے آس پاس پہنچ گیا ہے، جس کی وجہ سے وہاں کچھ سردی محسوس ہورہی ہے۔
