شیئر مارکیٹ میں پھر سے تیزی، اتار چڑھاؤ کے بعد بازار تیزی پر بند ہوئے
– سرمایہ کاروں نے 1 دن میں 4.04 لاکھ کروڑ روپئے کمائے
نئی دہلی، 19 جنوری (ہ س) مسلسل 3 دن تک گراوٹ کا سامنا کرنے کے بعد ہفتے کے آخری کاروباری دن جمعہ کے روز گھریلو شیئر مارکیٹ بحالی کے موڈ میں دکھائی دی۔ آج کی تجارت کا آغاز مضبوطی کے ساتھ ہوا۔ دن کی تجارت میں مسلسل اتار۔چڑھاؤ ہوتا رہا۔ اس کے باوجود سینسیکس اور نفٹی دونوں انڈیکس سبز رنگ میں برقرار رہے۔ پورے دن کی تجارت کے بعد سینسیکس 0.70 فیصد اور نفٹی 0.75 فیصد کے اضافے کے ساتھ بند ہوا۔
آج مارکیٹ میں اضافہ کی وجہ سے حصص بازار کے سرمایہ کاروں کی دولت میں 4 لاکھ کروڑ روپئے سے زیادہ کا اضافہ ہوا۔ آج کی تجارت کے بعد بی ایس ای لسٹڈ کمپنیوں کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن بڑھ کر 373.54 لاکھ کروڑ روپئے (عارضی) ہو گئی۔
بی ایس ای سینسیکس آج 599.88 پوائنٹس کی چھلانگ لگا کر 71,786.74 پوائنٹس پر کھلا۔ دن کے پہلے سیشن میں خریداروں اور فروخت کنندگان کے درمیان مسلسل جدو جہد ہوتی رہی۔ پورے دن کے کاروبار کے بعد سینسیکس 496.37 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 71,683.23 پوائنٹس پر بند ہوا۔
سینسیکس کی طرح این ایس ای کے نفٹی نے بھی آج 152.95 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 21,615.20 پوائنٹس پر تجارت شروع کی۔ دن بھر خرید و فروخت کے بعد نفٹی 160.15 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 21,622.40 پوائنٹس پر بند ہوا۔
پورے دن کے کاروبار کے دوران انفراسٹرکچر، پبلک سیکٹر انٹرپرائز اور میٹل سیکٹر کے حصص میں زبردست خرید و فروخت ہوئی۔ اسی طرح آٹوموبائل اور انرجی انڈیکس بھی اضافے کے ساتھ بند ہوئے۔ اس کے علاوہ فارماسیوٹیکل، رئیلٹی اور آئی ٹی حصص میں بھی خریداری جاری رہی۔ آج تمام سیکٹرل انڈیکس سبز رنگ میں بند ہوئے۔ میٹل، آئی ٹی، کیپٹل گڈز، آٹوموبائل، ایف ایم سی جی، آئل اینڈ گیس اور پاور انڈیکس 1 سے 2 فیصد کے اضافے کے ساتھ بند ہوئے۔ وسیع بازار میں آج مسلسل خریدار رہی، جس کی وجہ سے بی ایس ای مڈ کیپ انڈیکس 1.69 فیصد اضافے کے ساتھ بند ہوا۔ اسی طرح، سمال کیپ انڈیکس نے آج کے کاروبار کا اختتام 1.06 فیصد اضافے کے ساتھ کیا۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
