کاٹھمنڈو، 13 جنوری (ہ س)۔
نیپال میں کل دیر رات بھالووانگ کے نزدیک ایک مسافر بس راپتی ندی کے پل سے نیچے دریا میں گر گئی۔ اس حادثے میں 12 افراد ہلاک اور 23 زخمی ہو گئے۔ زخمی مسافر ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے مسافروں میں کئی ہندوستانی شہری بھی شامل ہیں۔
نیپال گنج سے کاٹھمنڈوکی طرف آرہی یہ مسافر بس کل دیر رات بھالوانگ کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی۔ زخمی مسافروں نے پولیس کو بتایا کہ جمعہ کی شام نیپال گنج سے کھٹمنڈو کے لیے روانہ ہونے والی بس کی رفتار بہت زیادہ تھی۔ راپتی ندی کے پل پر ڈرائیور بس پر سے کنٹرول کھو بیٹھا اور بس پل سے نیچے دریا میں گر گئی۔ کئی مسافروں نے اپنی جان بچانے کے لیے بس سے چھلانگیں لگا دیں۔ پولیس کو ہفتہ کی دوپہر تک جائے حادثہ سے 12 لاشیں ملی تھیں۔ تاہم شام 4 بجے تک صرف 9 لاشوں کی شناخت ہو سکی۔
موقع پر پہنچی ہائی وے پولیس نے بتایا کہ اب تک مرنے والوں میں دو ہندوستانی شہریوں کی بھی شناخت ہو چکی ہے۔ پولیس انسپکٹر اجول بہادر سنگھ نے بتایا کہ مرنے والوں میں اتر پردیش کے منوج (31) اور بہار کے یوگیندر رام (67) شامل ہیں۔ پولیس نے یہ بھی کہا ہے کہ جن تینوں لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے وہ کسی ہندوستانی شہری کی بھی ہوسکتی ہیں۔
اس حادثے میں زخمی 23 مسافروں کو نیپال گنج میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے۔ اسپتال کی طرف سے دی گئی معلومات کے مطابق شدید زخمی بھارتی شہریوں میں نرنجن کوری (20)، آشوتوش گوتم (24)، ارباز خان (20)، محمد جاوید (25)، چھوٹی سلورا (20)، اتر پردیش سے تعلق رکھنے والی نفیسہ خان (19)، راہل کمار اہیر (23) شامل ہیں ۔ان کے علاوہ 16 نیپالی شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔ ادھر پولیس نے بس ڈرائیور اور ساتھی ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
