سال 2023 کے دنیا کے بہترین ریفری منتخب ہوئے پولینڈ کے سزمون مارسینیاک
وارسا، 5 جنوری (ہ س)۔ انٹرنیشنل فیڈریشن آف فٹ بال ہسٹورینز اینڈ اسٹیٹسٹکس (آئی ایف ایف ایچ ایس) نے جمعرات کو پولینڈ کے سزمون مارسینیاک کو سال 2023 کا دنیا کا بہترین مرد ریفری قرار دیا۔
42 سالہ سزمون نے 175 پوائنٹس کے ساتھ یہ ایوارڈ جیتا، دوسرے نمبر پر اٹلی کے ڈینیئل اورسوٹو (95 پوائنٹس) اور فرانس کے کلیمینٹ ٹورپن (64 پوائنٹس) تیسرے نمبر پر رہے۔ 2022 کے فیفا ورلڈ کپ فائنل میں اپنی کارکردگی کے بعد مارسینیاک نے 2022 کا ایوارڈ بھی جیتا تھا۔ 2023 میں وہ استنبول میں مانچسٹر سٹی اور انٹر میلان کے درمیان یو ای ایف اے چیمپئنز لیگ فائنل میں بطور ریفری اترے۔
ایوارڈ جیتنے کے بعد مارسینیاک نے کہا کہ ‘یہ خوبصورت میچوں اور اچھے فیصلوں کے ساتھ ایک بہترین سال تھا، لیکن ریفرینگ میں ہمیشہ کی طرح ایسے فیصلے ہوئے جو بہتر ہونے چاہیے تھے۔
انہوں نے آخر میں کہا،’’میں اپنی ٹیم، اپنے خاندان اور اپنے تمام دوستوں کا ہمیشہ اور ہر جگہ میرا ساتھ دینے کے لیے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں فٹ بال کے تمام شائقین کو نئے سال کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یاد رکھیں کہ ریفری کے بغیر فٹ بال نہیں ہوتا۔ اس لیے براہ کرم ہمارا احترام کریں۔‘‘
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
