واشنگٹن، 30 دسمبر (ہ س)۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم’ایکس‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے 2023 میں بچوں کے جنسی استحصال کی پالیسیوں کی خلاف ورزی کرنے والے اکاونٹس کو معطل کرنے کے محاذ پر اپنے پیشرو ٹوئٹر کوپیچھے چھوڑ دیا ہے۔ یہ تقابلی رپورٹ 28 دسمبر کو’ایکس سیفٹی‘ میں شائع ہوئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سال جنوری اور نومبر کے درمیان اس نے اپنی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے 11 ملین (ایک کروڑ دس لاکھ) سے زیادہ اکاونٹس کو مستقل طور پر معطل کر دیا۔ ٹوئٹر نے 2022 میں تقریباً 2.3 ملین اکاونٹس کو معطل کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ ‘ایکس’ ایک مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہے جس کی ملکیت دنیا کے امیر ترین شخص ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سی ای او ایلون مسک کے پاس ہیں۔ ایکس نے یہ بھی کہا کہ اس نے 2023 کی پہلی ششماہی میں نیشنل سینٹر فار مسنگ اینڈ ایکسپلوئٹڈ چلڈرن سائبر ٹپ لائن کو 430,000 رپورٹس بھیجی ، جب کہ ٹوئٹر نے 2022 کے دوران 98,000 سے زیادہ رپورٹیں بھیجی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ مسک نے نومبر 2022 میں بھاری رقم خرچ کر کے ٹوئٹر حاصل کیا تھا۔
ہندوستھان سماچار/شہزاد
