بہرائچ : ٹرک اور بس میں تصادم، تین افراد ہلاک
بہرائچ، 25 دسمبر (ہ س)۔ بہرائچ۔شراوستی روڈ پر ٹرک اور بس کے درمیان خوفناک حادثہ پیش آیا۔ حادثہ میں 3 افراد ہلاک جب کہ 12 سے زائد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایم اور ایس پی نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور اسپتال پہنچ کر زخمیوں کے بہتر علاج کی ہدایات دیں۔
دیہات کوتوالی علاقے میں بہرائچ ۔شراوستی روڈ پر دھراسوا کے قریب ٹرک اور بس کے درمیان تصادم ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ چاولوں سے لدا ٹرک شراوستی سے بہرائچ کی طرف جا رہا تھا اور بس گجرات کے راجکوٹ سے بلرام پور جا رہی تھی۔
دھرسوا کے قریب آمنے سامنے ٹکر ہوئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ بس اور ٹرک کے ٹکڑے ہو گئے۔ حادثے میں تین افراد کی موت ہو گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایم مونیکا رانی اور ایس پی پرشانت ورما موقع پر پہنچ گئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا۔ ایس پی نے بتایا کہ حادثے میں تین لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ بس کے مسافر محبوب (35)، رام راج (38) اور ٹرک ڈرائیور پپو پرساد (40) ہلاک ہوگئے۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
