علی گڑھ، 21 دسمبر(ہ س)۔
اے بی کے ہائی اسکول گرلز نے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفس (جنرل)، اے ایم یو کے تعاون سے طالبات کے لئے قانون اور ہیومینٹیز میں کریئر کے موضوع پر ایک کاؤنسلنگ سیشن کا انعقاد کیا۔
پروگرام میں شعبہ انگریزی کی پروفیسر ثمینہ خان نے ہندوستان اور بیرون ملک مختلف کورسز کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ کامیابی حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کریں۔ انھوں نے اپنے حقیقی تجربات کا ذکر کرتے ہوئے طالبات کے ساتھ انفرادی بنیادوں پر مکالمہ کیا تاکہ ان کی صلاحیتوں کو پہچاننے میں ان کی مدد کی جا سکے۔
ابتدائی مرحلے میں کریئر پلاننگ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پروفیسر علی نواز زیدی، شعبہ قانون نے طالبات کے لیے قانون کے میدان میں دستیاب مختلف مواقع پر روشنی ڈالی۔
ٹریننگ و پلیسمنٹ آفیسر مسٹر سعد حمیدنے ہندوستان میں تمام شعبہ جات میں دستیاب کریئر کے مواقع اور امکانات کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے طالبات سے کہاکہ وہ اپنی منفرد صلاحیتوں کو پہچانیں اور کیا، کیوں، کب، کہاں اور کیسے کا جواب تلاش کرنے کے لئے پہل کریں تاکہ انھیں وقت پر معلومات مل سکیں۔
وائس پرنسپل ڈاکٹر صبا حسن نے مقررین کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر فرحت پروین پروگرا م کی کوآرڈینیٹر تھیں۔
ہندوستھان سماچار/
/عطاءاللہ
