اے سی بی نے بڈگام میں رشوت لیتے ہوئے اسسٹنٹ انجینئر کو گرفتار کیا
سرینگر، 21 دسمبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے انسداد بدعنوانی بیورو نے جمعرات کو وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں بی ڈی او آفس کے اسسٹنٹ انجینئر سورس یار چاڈورہ کو رشوت لینے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ تنویر احمد نامی اسسٹنٹ انجینئر کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کی جیب کی تلاشی سے اچھی خاصی رقم بھی برآمد ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شکایت موصول ہونے پر پولیس اسٹیشن اے سی بی سنٹرل کشمیر میں سیکشن 7 پریوینشن آف کرپشن ایکٹ 1988 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی اور تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ اس کے مطابق ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹریپ ٹیم نے کامیاب جال بچھا کر تنویر احمد کو موقع پر رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ رشوت کی رقم آزاد گواہوں کی موجودگی میں برآمد ہوئی۔ انجینئر تھانے لے جایا گیا اور معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
