
چودھری لال سنگھ کی ضمانت میں 20 دسمبر تک توسیع
جموں، 15 دسمبر (ہ س)۔ جموں کے پرنسپل سیشن جج سنجے پریہار نے سابق وزیر اور ڈوگرہ سوابھیمان سنگٹھن پارٹی کے بانی چودھری لال سنگھ کی ضمانت میں 20 دسمبر تک توسیع کر دی۔ اس دوران خصوصی جج سی بی آئی بالا جویتی نے کانتا اندوترا اور ڈاکٹر کرانتی سنگھ کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 20 دسمبر تک توسیع کردی ہے۔
بتا دیں کہ جموں و کشمیر پولیس کے اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے لال سنگھ کی اہلیہ کی طرف سے چلائے جا رہے ایجوکیشن ٹرسٹ کے خلاف درج ایف آئی آر میں عدالت میں پیشن کی گئی چارج شیٹ کی بنیاد پر ای ڈی نے منی لانڈرنگ کیس میں تفتیش شروع کی تھی۔
اس معاملے میں لال سنگھ کی زوجہ کانتا اندوترا اور کٹھوعہ ضلع میں تعینات ایک سابق پٹواری رویندر سنگھ کو بھی ملزم بنایا گیا ہے۔ ای ڈی نے اس کیس میں ضلع کٹھوعہ میں سنگھ کی 1.21 کروڑ روپے کی جائیداد قرق کر لی ہے۔ قبل ازیں ای ڈی نے چودھری لال سنگھ کو حراست میں لیکر کئی روز تک تفتیش کی تھی، دوران تفتیش ان کی طبیعت بگڑنے کے بعد انہیں اسپتال میں بھی داخل کیا گیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
