کولکاتا، 10 دسمبر (ہ س)۔ خلیج بنگال میں اتھے طوفان مچونگ کے اثر سے مسلسل چھ دنوں کی بارش سے بھلے ہی مغربی بنگال میں کسی کی موت نہیں ہوئی، لیکن کسانوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ کسان تنظیموں نے ریاستی حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے۔
مغربی بنگال کسان کانگریس کے رہنما تپن داس نے ’’ہندوستھان سماچار‘‘ سے خصوصی بات چیت میں کہا کہ مسلسل بارش کے بعد بنگال میں دھان اور آلو کے کسانوں کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ چھ دن تک بارش ہوئی اور کسان پریشان رہے لیکن ریاستی حکومت کی طرف سے کوئی بیان نہیں آیا۔ نہ ہی کسانوں کو آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر نقصان کا تخمینہ لگا کر معاوضے کا اعلان کرے۔
ریاست میں لیڈر حزب اختلاف (ایل او پی)، سبھیندو ادھیکاری نے ممتا حکومت سے متاثرہ کسانوں کو راحت اور مدد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ چیف سکریٹری ایچ کے دویدی کو لکھے ایک خط میں، ایل او پی نے کہا کہ مسلسل بارش کی وجہ سے آلو کے کسانوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ ان کے کھیت پانی میں ڈوب گئے تھے۔ ان کی فصلوں کے پانی میں خراب ہونے کا قوی امکان ہے۔
ہندوستھان سماچار//سلام
