جموں ،4 دسمبر (ہ س)، تین ریاستوں میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی شاندار جیت پر جموں وکشمیر میں بھی بھاجپا کارکنوں نے جم کر جشن منایا ۔بی جے پی جموں وکشمیر اکائی کے صدر رویندر رینا نے دعویٰ کیا کہ آئندہ پارلیمانی انتخابات میں بھی بی جے پی مرکز میں سرکار بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔ راجستھان، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں شاندار جیت کے بعد ملک کے دیگر حصّوں کی طرح جموں وکشمیر میں بھی بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکنوں نے جشن منایا۔جموں میں بی جے پی صدر رویندر رینا کی سربراہی میں پارٹی کارکنوں نے جشن منایا اور آتش بازی کی۔اس موقع پر بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا نے کہا کہ بی جے پی نے تین ریاستوں میں جیت حاصل کرکے ایک تاریخ رقم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ تین ریاستوں میں جس طرح سے بی جے پی نے کامیابیوں کے جھنڈے گاڑے وہ قابل تعریف ہے۔رویندر رینا نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی پارلیمانی الیکشن میں بھی کامیاب ہو کر مرکز میں پھر سے سرکار بنانے میں کامیاب ہوئے جائے گی۔ بی جے پی نے ہمیشہ عوام کی بات کی اور وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں مرکزی سرکار نے ہمیشہ لوگوں کی فلاح و بہبود کی خاطر کام کیا۔دریں اثنا سری نگر سمیت وادی کے دیگر اضلاع میں بھی بی جے پی کارکنوں نے جشن منایا۔
اصغر/ہندوستھان سماچار/سلام
