نئی دہلی، 27 نومبر (ہ س)۔ ملیالم نیوز چینل ایشیا نیٹ پر ایک بحث کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کے بارے میں سی پی ایم لیڈر جیک سی تھامس کے ذریعہ نازیبا زبان استعمال کرنے پر آرگنائزر کے سابق ایڈیٹر ڈاکٹر آر بالاشنکر نےقانونی نوٹس بھیجا ہے۔ قانونی نوٹس میں سات دن کے اندر عوام سے معافی مانگنے کا کہا گیا ہے۔ ایسا نہ کرنے پر قانونی کارروائی کا انتباہ دیا گیا ہے۔
قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ تھامس نے 20 نومبر کو ایشیا نیٹ نیوز چینل پر گفتگو کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کے لیے لفظ نرادھم کا استعمال کیا۔ پینل ڈسکشن میں بیٹھے مہمانوں اور نیوز اینکرز نے وزیر اعظم کے بارے میں توہین آمیز الفاظ کے استعمال پر اعتراض کیا۔ تب بھی جیک سی تھامس نے اپنا بیان واپس نہیں لیا۔
قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جیک سی تھامس نے وزیر اعظم مودی کے بارے میں قابل اعتراض الفاظ استعمال کر کے وزیر اعظم کے وقار کو کم کرنے کی کوشش کی ہے۔ یہ ہیٹ اسپیچ کے علاوہ ہتک عزت کے زمرے میں آتا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ تھامس کے بیانات سے ڈاکٹر آر بالاشنکر کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ اگر تھامس نے سات دنوں کے اندر عوامی معافی نہیں مانگی تو ڈاکٹر آر بالاشنکر مناسب قانونی کارروائی شروع کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
