کولکاتا، 20 نومبر (ہ س)۔ مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ ضلع میں اتوار کو ایک بند فلیٹ سے ایک ہی خاندان کے چار افراد کی مسخ شدہ لاشیں برآمد ہونے کے معاملے میں ناجائز تعلقات کا زاویہ سامنے آیا ہے۔
اس سلسلے میں ایک پولیس افسر نے پیر کی صبح بتایا کہ مرنے والوں کی شناخت کپڑا تاجر ورندابن کرماکر (52)، ان کی بیوی دیوشری کرماکر (تقریباً 40 سال)، ان کی 17 سالہ بیٹی دیبلینا اور آٹھ سالہ بیٹے اتساہ کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق بیرک پور پولیس کمشنریٹ کے تحت کھڑدہ علاقے میں ایم ایس مکھرجی روڈ پر واقع ایک بند فلیٹ میں یہ لاشیں پائی گئی ہیں۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اس شخص نے گھر والوں کو زہر دے کر خودکشی کر لی ۔
پولیس نے بتایا کہ اس شخص کی لاش چھت سے لٹکی ہوئی ملی تھی جبکہ تین دیگر لاشیں فلیٹ میں مختلف مقامات پر پڑی تھیں۔اس میں کہا گیا ہے کہ گھر سے ایک خودکشی نوٹ بھی ملا ہے، جس میں اس شخص نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی بیوی کے غیر ازدواجی تعلقات تھے، جسے وہ برداشت نہ کرسکا۔ اس لیے اس نے یہ قدم اٹھایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فارینسک ٹیم نے جائے وقوعہ کاجائزہ لے لیا ہے اور کیس کی تفصیلی تحقیقات جاری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
