مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات: مودی پر کیا تھا تبصرہ، پرینکا گاندھی سے جواب طلب
بھوپال، 15 نومبر (ہ س)۔ کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے مدھیہ پردیش کے سانویر اسمبلی حلقہ میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بی ایچ ای ایل کو لے کر وزیر اعظم نریندر مودی پر بیان دیا تھا۔ بی جے پی نے اس بیان پر الیکشن کمیشن سے شکایت کی تھی۔ الیکشن کمیشن نے پرینکا گاندھی کو وجہ بتاو نوٹس بھیجا ہے۔ پرینکا کو جواب دینے کے لیے جمعرات 16 نومبر کی رات 8 بجے تک کا وقت دیا گیا ہے۔
پرینکا گاندھی کو بھیجے گئے نوٹس میں الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ کمیشن کو 10 نومبر کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف سے ایک شکایت موصول ہوئی ہے، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ مدھیہ پردیش کے سانویر اسمبلی حلقے میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے آپ نے وزیر اعظم نریندر مودی کے بارے میں غیر مصدقہ اور غلط بیانات دئیے ہیں۔ جو عوام کو گمراہ کرنے اور وزیر اعظم کی شبیہ کو داغدار کرنے والے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے نوٹس کے مطابق، خطاب کا ویڈیو اور مدھیہ پردیش کے سی بی او کے ذریعے موصول ہونے والے ٹرانسکرپٹ کے مطابق پرینکا گاندھی نے کہا تھا، مودی جی، یہ بی ایچ ای ایل تھا جس سے ہمیں روزگار ملتے تھے،جس سے ملک آگے بڑھ رہا تھا۔ اس کا آپ نے کیا کیا، بتائیں مودی جی، کس کو دے دیا، اپنے بڑے بڑے صنعتکار دوستوں کو کیوں دیا۔ کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی کو اس بیان کا جواب دینا ہے۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
