۔ انہوں نے ممبئی کے ایک نجی اسپتال میں آخری سانس لی، ان کا جسد خاکی لکھنو لایا جائے گا
۔سماجوادی پارٹی صدر اکھلیش یادو اور شیو پال یادو کی بھی تعزیت
لکھنو، 15 نومبر (ہ س)۔ سہارا کے سربراہ اور ملک کے معروف بزنس مین سبرت رائے اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ طویل علالت کے بعد منگل کی رات دیر گئے ممبئی میں ان کا انتقال ہوگیا۔ ان کےجسد خاکی بدھ کو لکھنو¿ لایا جائے گاجہاں ان کو آخری خراج عقیدت پیش کیا جا ئے گا۔
ریاست کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سہارا گروپ کے سربراہ شری سبرت رائے کا انتقال انتہائی افسوسناک ہے۔ میں بھگوان شری رام سے دعا کرتا ہوں کہ وہ مرحوم کی روح کو اپنے قدموں میں جگہ دے اور سوگوار کنبہ کے افراد کو اس بے پناہ دکھ کو برداشت کرنے کی طاقت دے۔
قابل ذکر ہے کہ سبرت رائے کو 12 نومبر کو ممبئی کے ایک نجی اسپتال کوکیلا بین دھیرو بھائی امبانی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں ان کا علاج چل رہا تھا۔ انہوں نے 22.30 بجے آخری سانس لی۔ ان کا انتقال حرکت قلب بند ہونے سے ہوا۔ ان کی عمر 75 برس تھی اور وہ ذیابیطس اور بی پی سمیت کئی سنگین امراض میں مبتلا تھے۔ سبرت رائے کا تعلق اتر پردیش سے تھا۔
سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے بھی ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کر کے لکھا کہ سہارا کے سربراہ سبرت رائے کا انتقال اتر پردیش اور ملک کے لیے ایک جذباتی نقصان ہے، کیونکہ ایک بہت ہی کامیاب بزنس مین ہونے کے ساتھ ساتھ وہ بڑے دل والے انتہائی حساس انسان بھی تھے، جنہوں نے لاتعداد لوگوں کی مدد کی۔ دلی خراج عقیدت!
وہیں شیو پال یادو نے ٹویٹ کر کے کہا ’سہارا شری سبرت رائے کے انتقال کی افسوسناک خبر موصول ہوئی ہے۔ ایشور ان کی روح کو سکون دے اور سوگوار خاندان کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کی طاقت دے۔ دلی خراج عقیدت!
ہندوستھان سماچار
