نئی دہلی، 14 نومبر (ہ س)۔ اوبرائے گروپ کے چیئرمین ایمریٹس پرتھوی راج سنگھ اوبرائے کا منگل کی صبح انتقال ہوگیا۔ انہوں نے 94 سال کی عمر میں آخری سانس لی۔ انہیں ملک کا دوسرا سب سے بڑا شہری اعزاز پدم وبھوشن سے نوازا گیا تھا۔
اوبرائے گروپ کے ترجمان نے پرتھوی راج سنگھ اوبرائے کی موت کی تصدیق کی ہے۔ وہ ہندوستان میں ہوٹل کے کاروبار کا چہرہ بدلنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔ وہ اوبرائے گروپ کی فلیگ شپ کمپنی ای آئی ایچ لمیٹڈ کے ایگزیکٹو چیئرمین اور اوبرائے ہوٹلز پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیئرمین تھے۔ ہوٹل کے کاروبار کو ایک نئی سمت دینے کے ساتھ ساتھ انہوں نے مختلف لگژری ہوٹل بھی قائم کئے۔
پی آر ایس اوبرائے 1929 میں نئی دہلی میں پیدا ہوئے۔ اوبرائے گروپ کے بانی چیئرمین رائے بہادر موہن سنگھ اوبرائے نے 1934 میں ایک انگریز سے دو جائیدادیں خریدی تھیں، کلارک دہلی میں اور کلارک شملہ میں۔ اس کے بعد انہوں نے اپنے دو بیٹوں تلک راج سنگھ اوبرائے اور پرتھوی راج سنگھ اوبرائے کی مدد سے ہندوستان اور بیرون ملک ہوٹل کا کاروبار کیا۔
ہندوستھان سماچار
