نئی دہلی، 13 نومبر (ہ س)۔
مہنگائی کے محاذ پر عام آدمی کو ریلیف دینے والی خبر ہے۔ اشیائے خوردونوش سستی ہونے کی وجہ سے خوردہ مہنگائی اکتوبر میں چار ماہ کی کم ترین سطح 4.87 فیصد پر آگئی ہے۔ گزشتہ ماہ ستمبر میں خوردہ افراط زر کی شرح 5.02 فیصد تھی۔
نیشنل سٹیٹسٹکس آفس (این ایس او) نے پیر کو جاری کردہ اعداد و شمار میں کہا کہ کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) پر مبنی خوردہ افراط زر اکتوبر کے مہینے میں 4.87 فیصد رہا۔ گزشتہ ماہ ستمبر میں یہ 5.02 فیصد کی تین ماہ کی کم ترین سطح پر تھی جب کہ جون میں خوردہ افراط زر کی شرح 4.87 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) نے اکتوبر کے مہینے میں اپنی جائزہ میٹنگ میں موجودہ مالی سال 2023-24 میں خوردہ افراط زر کی شرح 5.4 فیصد رہنے کا اندازہ لگایا ہے۔ یہ گزشتہ مالی سال 2022-23 میں 6.7 فیصد سے کم ہے۔ حکومت نے آر بی آئی کو ذمہ داری دی ہے کہ وہ دو فیصد کے فرق کے ساتھ خوردہ افراط زر کی شرح کو 4 فیصد پر رکھے۔
ہندوستھان سماچار
