۔ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے کیلنڈر سال 2023 میں 6.7 فیصد شرح نمو کا تخمینہ لگایا
نئی دہلی، 09 نومبر (ہ س)۔ عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز انویسٹرس سروس نے کیلنڈر سال 2023 کے لیے ہندوستان کی اقتصادی ترقی کی شرح کی پیشن گوئی کو 6.7 فیصد پر برقرار رکھا ہے۔ موڈیز کا خیال ہے کہ ملک میں مضبوط گھریلو مانگ مستقبل قریب میں ترقی کی رفتار کو برقرار رکھے گی۔
موڈیز انویسٹرس سروس نے جمعرات کو جاری اپنے ’گلوبل میکرو اکنامک آوٹ لک 2024-25‘ میں کہا کہ گھریلو مانگ میں مسلسل اضافہ ہندوستانی معیشت کو آگے بڑھا رہا ہے۔ موڈیز نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ ہندوستان کی حقیقی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 2023 میں تقریباً 6.7 فیصد، 2024 میں 6.1 فیصد اور 2025 میں 6.3 فیصد رہے گی۔
قابل ذکر ہے کہ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے مالی سال 2023-24 کے لیے اقتصادی ترقی کی شرح کا تخمینہ 6.5 فیصد پر برقرار رکھا ہے۔ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں جی ڈی پی کی شرح نمو 7.8 فیصد رہی ہے جبکہ دوسری سہ ماہی میں جی ڈی پی کی شرح نمو 6.5 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ گھریلو کھپت، ٹھوس سرمائے کے اخراجات اور سروس سیکٹر کی سرگرمیوں میں تیزی سے ملک کی اقتصادی ترقی کی شرح مضبوط رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
