دہلی-این سی آر میں آلودگی خطرناک سطح پر، مجموعی طور پر اے کیو آئی 426 درج
نئی دہلی، 9 نومبر ۔ دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں جمعرات کو بھی آلودگی کی سطح سنگین زمرے میں درج کی گئی۔ گزشتہ کئی دنوں سے ملک کی راجدھانی کو آلودگی کے سنگین خطرے کا سامنا ہے۔ پرالی اور گاڑیوں کے دھویں کی وجہ سے لوگوں کا سانس لینا مشکل ہو رہا ہے۔
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق دہلی میں ہوا کے معیار کا اوسط انڈیکس صبح تقریباً 426 ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ بدھ کو ہوا کے معیار کا اوسط انڈیکس 426 اور منگل کو 395 ریکارڈ کیا گیا تھا۔
سی پی سی بی کے مطابق، دہلی کے آنند وہار میں اے کیو آئی 432، آر کے پورم میں 453، پنجابی باغ میں 444، آئی ٹی او 441، اے ایس آئی ٹی دوارکا میں 425، دوارکا سیکٹر 8 میں 462، نجف گڑھ میں 451، آئی جی آئی ایئرپورٹ میں 445، منڈکا میں 427 ، پوسا 428 درج کیا گیا ہے۔ لودھی روڈ میں اے کیو آئی 387 ریکارڈ کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ دہلی میں آلودگی کو روکنے کے لیے گروپ-4 پابندیاں نافذ ہیں۔ اسکول بھی آج سے 18 نومبر تک بند ہیں۔
